میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں 14 سوال آؤٹ آف سلیبس ہونیکا انکشاف

عدالت کا انٹری ٹیسٹ کے نصاب کیخلاف درخواست پر پی ایم سی کے جواب پردرخواست گزارکے وکیل سے جواب الجواب طلب

ایک لاکھ میں سے67ہزارطلباپاس ہوئے،وکیل پی ایم سی،پی ایم سی نے غلطی تسلیم کی،یکساں نصاب تیارنہیں کیاگیا،درخواست گزار۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے میڈیکل کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کے نصاب کے خلاف درخواست پر پی ایم سی کے جواب پر درخواست گزار کے وکیل سے جواب الجواب طلب کرلیا۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو میڈیکل کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کے نصاب کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انٹری ٹیسٹ میں نصاب سے ہٹ کر سوالات پوچھے گئے، 29 نومبر کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ نئے نصاب سے ہٹ کر تھے، پی ایم سی کے وکیل ذیشان عبد اللہ نے موقف اختیار کیا کہ ٹیسٹ کے نتائج جاری ہوچکے ہیں، ایک لاکھ میں سے 67 ہزار طلبا امتحان میں پاس ہوئے۔


درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ایم سی نے تسلیم کیا غلطی پر 14 سوال ختم کیے گئے، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے پی ایم سی کے جواب پر جواب الجواب طلب کرلیا، عدالت نے امتحانی نتائج سے متعلق وکیل درخواست گزار کے اعتراض پر پی ایم سی سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ انٹری ٹیسٹ میں بیالوجی اور فزکس سمیت دیگر مضامین کے سوالات آئوٹ آف سلیبس تھے، معاملے کی تحقیقات کے لیے چاروں صوبوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، عدالتی حکم کے مطابق یکساں نصاب تیار نہیں کیا گیا۔
Load Next Story