سندھ حکومت کا سوئی سدرن کی گیس سوئی ناردرن کو دینے پر احتجاج

کس کی اجازت سے سندھ کی گیس پر ڈاکا ڈالا گیا؟ وزیر توانائی امتیاز شیخ، وفاق کی معتصبانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں،مرتضی وہاب

کس کی اجازت سے سندھ کی گیس پر ڈاکا ڈالا گیا؟ وزیر توانائی امتیاز شیخ، وفاق کی معتصبانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں،مرتضی وہاب (فوٹو : فائل)

وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سوئی سدرن کی گیس سوئی ناردرن کو دینے کی شدید مذمت کی ہے اور سندھ میں گیس بحران پر سوال اُٹھایا ہے کہ کس کی اجازت سے سندھ کی گیس پر ڈاکا ڈالا گیا؟

اپنے بیان میں امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہے اس کے باوجود صوبے میں گیس کا شدید بحران ہے، گیس کی سپلائی کے معاملے پر سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ہے، وفاق کی ناکام پالیسیوں سے سندھ کے عوام میں احساس محرومی کا شکار ہیں، حکمرانوں کو عوام کی معاشی پسماندگی کا کوئی احساس نہیں ہے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کی بندش سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوئے، وفاقی وزراء بروقت ایل این جی منگوانے کے بجائے حیلے بہانوں سے کام لے رہے ہیں، سندھ حکومت کسی کو بھی سندھ کے وسائل پر قبضے کی اجازت نہیں دے گی۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ تھرکول سمیت سندھ کے وسائل پر وفاق من مانے فیصلے کررہا ہے، پی ٹی آئی مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا کر رہی ہے، وفاق کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کو سندھ کی عوام تسلیم نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی حکومت کی معتصبانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں، مرتضی وہاب


دریں اثنا سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ملکی ضروریات کی 70 فیصد گیس دینے کے باوجود سندھ میں گیس کی قلت پیدا کی جارہی ہے، ہم پی ٹی آئی حکومت کی معتصبانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں۔


اپنے بیان میں ترجمان سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ بھر کے مختلف علاقوں کو شدید سردی میں گیس کی فراہمی سے محروم کیا جارہا ہے جو پی ٹی آئی کی سلیکٹیڈ وفاقی حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے، سندھ کے عوام کو پی ٹی آئی اپنی معتصبانہ پالیسیوں کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔


مرتضی وہاب نے کہا کہ ملک کی ضروریات کا 70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ سندھ میں گیس کی قلت پیدا کی جارہی ہے، سندھ کے عوام پی ٹی آئی حکومت کی معتصبانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں، سلیکٹیڈ حکومت ہوش کے ناخن لے اور سندھ میں گیس کے بحران پر قابو پائے، گیس کی قلت پیدا کرکے سندھ کے باشندوں کو پریشان کرنا بند کیا جائے۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ شہری سرد موسم میں پی ٹی آئی سرکار کی نااہلی کا شکار ہورہے ہیں، بے رحم اور نااہل حکمرانوں کو عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔

 
Load Next Story