کپتان کو پاور پلے میں بے جان بیٹنگ کھلنے لگی

بابرکی عدم موجودگی شکستوں کا جواز نہیں ہے سب پرفارم کریں، شاداب

بولرزنے رنز روکے نہ فیلڈنگ اچھی رہی،غلطیوں سے جلد سبق سیکھنا پڑے گا، شاداب خان فوٹو: فائل

FAISALABAD:
کپتان کو پاور پلے میں بے جان بیٹنگ کھلنے لگی،شاداب خان کے مطابق بابراعظم کی عدم موجودگی کو شکستوں کا جواز نہیں قرار دیا جا سکتا، کرکٹ ٹیم گیم ہے، سب کو پرفارم کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دوسرے میچ میں 9 وکٹ سے شکست کے بعدگرین شرٹس سیریز بھی گنوا بیٹھے، اب انھیں وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہوگا، بابر اعظم کی انجری کے سبب قیادت کے فرائض نبھانے والے شاداب خان کا کہنا ہے کہ ہم پاور پلے میں بہتر کھیل پیش نہ کرنے کی وجہ سے مسلسل دوسرا میچ ہارے، ابتدائی مرحلے میں ہی 3 وکٹیں گنوانے والی ٹیم 80 فیصد میچ گنوا دیتی ہے۔


ہم نے توقع سے 20رنز کم بنائے،پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں غلطیوں سے جلد سبق سیکھنا پڑے گا،میچ کا مثبت پہلو محمد حفیظ کی شاندار اننگز رہی،اسے مثال بناتے ہوئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، محمد حفیظ سینئر بیٹسمین ہیں۔

ان سے جو سیکھا میدان میں اس کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا،شاداب خان نے کہا کہ نوجوان بیٹسمینوں کا یہ پہلا ٹور ہے، ایسے میں مشکل تو ہوتی ہے لیکن انھیں غلطیوں کو جلد سدھارنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے اہم ترین بیٹسمین ہیں لیکن کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے،کپتان کی عدم موجودگی کو ناکامی کا جواز نہیں قرار دیا جا سکتا،سب کو پرفارم کرنا ہوگا، نوجوان کرکٹرز کے لیے یہ ایک اچھا موقع تھا جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے، امید ہے کہ اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

شاداب خان نے کہا کہ مجموعی طور پر بولرز نے بہتر کارکردگی دکھائی لیکن وہ پاور پلے میں رنز کو نہیں روک پائے۔انھوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کی فیلڈنگ معیاری نہیں تھی، اس کی وجہ سے کیویز کوٹوٹل میں 20 رنز کے اضافے کا موقع ملا۔
Load Next Story