بہادرآباد میں اسپتال کے باہر سے اغوا بچی کورنگی سے بازیاب

3 ماہ کی بچی ہما کو بازیاب کراکراغواکار خاتون ماریہ گرفتارکیاگیا،ملزمہ نے اولادنہ ہونے پربچی کواغواکیاتھا

والدہ حنااورپھوپی ہماکیلیے دوالینے بہادرآبادگئے تھے،دودھ پلانے کے بہانے ملزمہ نے ہماکووالدہ سے لیاتھا،پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس

اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس نے بہادر آباد سے ایک ماہ قبل اغوا کی جانے والی3 ماہ کی بچی کو بازیاب کرالیا اور بچی کے اغوا میں ملوث ملزمہ کوگرفتارکرلیا۔

اے وی سی سی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ نے بے اولادی کی وجہ سے بچی کو اغوا کیا تھا، ترجمان اے وی سی سی کے مطابق اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرکورنگی نمبر5 میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل بہادر آباد چار مینار چورنگی کے قریب سے اغواکی جانے والی3 ماہ کی ننھی بچی ہما ولد محمد امجد کو بازیاب کراکر اغواکار خاتون ماریہ کو گرفتار کرلیا۔


اے وی سی سی پولیس کے مطابق ننھی ہما کے والد محمد امجد نے21 نومبر کو نیو ٹاؤن تھانے میں اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ الزام نمبر 2020/402 بجرم 369 اور364 اے کے تحت درج کراتے ہوئے موقف اختیارکیا تھا کہ ان کی بیٹی ہما اپنی والدہ حنا اور پھوپی عذرا کے ساتھ دوا لینے کے لیے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ اسپتال بہادر آباد گئی تھی اور وہاں دودھ پلانے کے بہانے ملزمہ نے ننھی بچی ہما کو اس کی والدہ سے لیا اور فرار ہوگئی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمہ نے انکشاف کیا کے اس کی شادی کو 6 سال گزرچکے تھے اوربے اولاد ہونے کے سبب اس نے بچی کے اغوا کا یہ قدم اٹھایا، پولیس نے بازیاب بچی کو والدین کے حوالے کرکے گرفتار ملزمہ سے تفتیش شروع کردی ہے۔

 
Load Next Story