موہالی میں میچ بھارت کو پاکستانی درخواست ماننے میں مشکلات

رواں سال کے آخر میں شیڈول سیریز کے ممکنہ وینیوز کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا،بورڈ

رواں سال کے آخر میں شیڈول سیریز کے ممکنہ وینیوز کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا،بورڈ۔ فوٹو: فائل

موہالی میں میچ رکھنے کی پاکستانی درخواست قبول کرنے میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو دشواری کا سامنا ہے۔


سینئر مینجمنٹ کے ایک قریبی آفیشل نے نمائندہ ''ایکسپریس'' فواد حسین کو ٹیلی فون پر بتایا کہ رواں سال کے آخر میں شیڈول تاریخی سیریز کے ممکنہ وینیوز کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا، بورڈ کیلیے اب کوئی تبدیلی کرنا انتہائی مشکل ہے، ابتدائی شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم کو دورے میں میزبان سے 3 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان2007 سے باہمی کرکٹ نہیں ہوئی یوں اس سیریز سے جمود کا خاتمہ ہو گا، بی سی سی آئی نے پاکستان کو دعوت نامہ ارسال کرتے ہوئے بطور میزبان بنگلور،چنئی، احمد آباد،کولکتہ اور دہلی کا انتخاب کیا تھا۔

آفیشل نے مزید بتایا کہ بورڈ نے میزبان شہروں کی فہرست کو تقریباً حتمی شکل دے دی، ابتدائی منصوبوں میں تبدیلی کرنا ہمارے لیے بیحد دشوار ہے۔ دریں اثنا بھارتی بورڈ کے شعبہ میڈیا کے ایک آفیشل نے کہا کہ موہالی میں میچ کی درخواست پر سینئر مینجمنٹ تاحال کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچی اور تبادلہ خیال جاری ہے، آئندہ چند روز میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے پاکستانی شائقین کے موہالی جانے میں آسانی کو مدنظررکھتے ہوئے وہاں کوئی میچ رکھنے کی درخواست کی ہے۔
Load Next Story