بلدیاتی انتخابات اہم رہنما آج نامزدگی فارم جمع کرائینگے

ضلع وسطی میں400،شرقی میں349،جنوبی میں319،غربی 314،کورنگی میں221 اورملیرمیں 419 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے

6 اضلاع میں ہفتہ کو2022 کاغذات نامزدگی جمع،امیدواروں کو پیچیدہ فارم بھرنے میں شدید مشکلات۔ فوٹو:فائل

بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے کیلیے انتخابی شیڈول کے تحت سندھ بھر میں امیدواروں کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔

ہفتہ کو کراچی کے 6 اضلاع میں مجموعی طور پر 2021 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، ہفتہ کو کسی اہم سیاسی رہنما نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، سیاسی جماعتوں کی جانب سے اہم ترین امیدوار ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار، فیصل سبزواری،پیپلزپارٹی کے نجمی عالم ، سلمان عبداللہ مراد اور دیگر اتوار کو انتخاب میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے کیلیے ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، جمعیت علمائے پاکستان اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اہم امیدوار اتوار کو کاغذا ت نامزدگی جمع کرائیں گے،ذرائع کے مطابق ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے تمام اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کو ہدایت کردی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں۔

سابق میئر و وفاقی وزیر اور ایم کیوایم کے اہم ترین رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اتوار کو ضلع شرقی میں آبائی علاقے پیر الٰہی بخش کالونی یونین کمیٹی 20 سے جنرل کونسلر کی نشست کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جبکہ فیصل سبزواری، ڈاکٹر صغیر احمد اور ایم کیوایم کے دیگر اہم رہنما اتوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، ایم کیوایم کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی محمد دلاور اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن حافظ محمد سہیل، خوش بخت شجاعت اور انور عالم نے ہفتہ کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے، پیپلزپارٹی کے نجمی عالم ضلع جنوبی اور سلمان عبداللہ مراد ضلع ملیر سے اتوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے سیٹ ایڈجسمنٹ پر بات چیت جاری ہے اور اتوار کو دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پانے کی توقع ہے۔




جماعت اسلامی کی جانب سے ہفتہ کو سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی، سابق ٹائون ناظمین شفیق الرحمن عثمانی، نوید الاسلام اور عبدالجمیل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی میںکاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی ہفتہ کو مجموعی تعداد 349 رہی، ضلع شرقی میں جنرل کونسلرز کی نشستوں کیلیے 238 ،خواتین 39، مزدور 40اور اقلیتی نشستوں کیلیے 32 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، ضلع جنوبی میں319 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس میں جنرل کونسلرز کیلیے 234، خواتین 26، مزدور 34اور اقلیتی نشستوں کیلیے 25امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے، ضلع کورنگی میں چاروں کیٹیگریز کیلیے انتخاب میں حصہ لینے کیلیے221 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں جنرل کونسلرز کیلئے 138خواتین21، مزدور26 اقلیتی امیدوار 36 شامل ہیں، متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے مطابق ضلع وسطی میں ہفتہ کو400 اور ضلع ملیر میں 419کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

ضلع ملیر کی 38 یونین کمیٹیوں کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ ہفتہ کو تیسرے روز بھی جاری رہا، ریٹرننگ آفیسر ون لانڈھی میونسپل آفس یونس آباد، ریٹرننگ آفیسر 2 گڈاپ آفس دائود چورنگی، ریٹرننگ آفیسر 3 مراد میمن آفس ملیرہالٹ، ریٹرننگ آفیسر 4 شاہ مرید ڈی سی کیمپ آفس ملیرہالٹ ، ریٹرننگ آفیسر 5 الیکشن آفس ملیرہالٹ اور ریٹرننگ آفیسر 6 ڈی سی ملیر قائدآباد میں بنائے گئے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہفتہ کو بلدیاتی انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری رہا اسسٹنٹ کمشنر ڈسٹرکٹ ملیر غلام حیدر چانڈیو نے بتایا کہ ضلع ملیر میں ہفتہ کو کل 419 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہفتہ کو تحریک انصاف سمیت مختلف جماعتوں اور برادریوں کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، بلدیاتی امیداروں نے کہا ہے کہ انتخابی نامزدگی کا فارم بھرنے میں انھیں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ فارم انتہائی پیچیدہ ہے کہ اسے بھروانے کیلیے اوتھ کمشنرز اور وکلا کی خدمات لی جارہی ہیں جو فی فارم 500 روپے فیس لیکر نامزدگی فارم بھر کر دے رہے ہیں ڈی سی ملیرکے آفس میں امیدواروں نے شکایت کی کہ آفس میں امیدواروں کی رہنمائی کیلیے کوئی کیمپ نہیں لگایا ہے اور نہ ہی فارم کو چیک کرکے وصول کیا جارہا ہے۔
Load Next Story