بلاول ہاؤس کا گھیراؤ ہوا تو ذمے دار تحریک انصاف کی قیادت ہوگیعبدالقادرپٹیل

جیالے جانیں دیدیں گے لیکن شہید بی بی کے گھر پر آنچ نہیں آنے دینگے،صدر پیپلزپارٹی کراچی

تحریک انصاف احتجاج کیلیے پریس کلب یا دوسری جماعتوں کی طرح اسمبلی کا رخ کرے۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز/فائل

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو کے گھر کا گھیرائو قابل مذمت ہے۔

اس سے جیالوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، عارف علوی دور کی کوڑی لائے ہیں کہ وہ بلاول ہائوس کا گھیرائو کریں گے، اگر (آج) اتوار کو بلاول ہائوس کا گھیرائو کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کے ذمے دار ڈاکٹر عارف علوی اور تحریک انصاف کی قیادت ہوگی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائشگاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ تحریک انصاف احتجاج کیلیے پریس کلب یا دوسری جماعتوں کی طرح اسمبلی کا رخ کرے۔




بلدیاتی انتخابات سرپر ہیں اور تحریک انصاف کی جانب سے جس ایشو پر سیاست کی جارہی ہے اس سے ان کو کوئی عوامی حمایت نہیں ملے گی، پیپلز پارٹی کے جیالے اور شہید بینظیر بھٹو کے متوالے اپنی جانیں تو دے دیں گے لیکن اپنی شہید بی بی کے گھر پر آنچ بھی نہیں آنے دیں گے، اس لیے میں تحریک انصاف کی قیادت اور بالخصوص ڈاکٹر علوی کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ بلاول ہائوس کے گھیرائو کی کوشش نہ کریں، آج اتوارکے روز ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمے داری ان پر اور ان کی قیادت پر عائد ہوگی۔
Load Next Story