الوداعی ٹیسٹکیلس نے سنچری کی جانب قدم بڑھا دیے

78پر ناقابل شکست،کھیل بارش سے متاثر، جنوبی افریقہ کے 5 وکٹ پر 299 رنز

ڈربن: کیریئر کے آخری ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بیٹسمین کیلس کور ڈرائیو سے گیند کو بائونڈری پار پہنچا رہے ہیں،انھوں نے ناقابل شکست78رنز بنائے فوٹو : اے ایف پی

SUKKUR:
جیک کیلس نے الوداعی ٹیسٹ میں سنچری کی جانب قدم بڑھا دیے، ڈربن ٹیسٹ کے دوسرے روز ان کے 78 رنز پر پہنچتے ہی بارش شروع ہوگئی۔

موسم کی مداخلت اور کم روشنی کی وجہ سے کھیل کو قبل از وقت روک دیا گیا، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 5 وکٹ پر 299 رنز بنالیے، 35 رنز کا خسارہ باقی رہ گیا، ابراہم ڈی ویلیئرز 74 پر آئوٹ ہوئے، رویندرا جڈیجا نے 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق جیک کیلس کیریئر کے آخری ٹیسٹ کو سنچری سے یادگار بنانے کی راہ پر گامزن ہیں،دوسرے روز چائے کے وقفے کے ایک گھنٹے بعد بارش اور پھر کم روشنی کی وجہ سے ان کی یہ پیشقدمی وقتی طور پر رک گئی،انھوں نے ابراہم ڈی ویلیئرز کے ساتھ مل کر جنوبی افریقہ کی پوزیشن کافی بہتر بنالی۔




ٹیم نے دن کا آغاز 82 رنز بغیر کسی نقصان کے کیا، الویرو پیٹرسن اور گریم اسمتھ نے صبح کے سیشن میں سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کی مگر بھارتی بولرز جلد ہی تین کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمانے میں کامیاب رہے، 103 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ 47 رنز پر جڈیجا کی گیند پر شیکھر دھون کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ہاشم آملا نے صرف 3 رنز بنائے تھے کہ محمد شامی نے بولڈ کردیا، الویرو پیٹرسن بھی 62 رنز پر جڈیجا کا شکار بن گئے، کیچ ونے کمار نے تھاما، اس موقع پر جیک کیلس نے ڈی ویلیئرز کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 127 رنز کی شراکت ہوئی، جس کا خاتمہ جڈیجا کے ہی ہاتھوں ہوا، ڈی ویلیئرز سلپ میں کیچ ہوئے، انھوں نے 117 بالز پر 9 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے، یہ ان کا مسلسل 10 ویں ٹیسٹ میں ففٹی پلس اسکور ہے، اختتامی لمحات میں پال ڈومنی (28) بھی وکٹ گنوا بیٹھے، انھیں جڈیجا نے اپنا چوتھا شکار بناتے ہوئے ایل بی ڈبلیو کیا۔
Load Next Story