’’ٹی 20 ٹیلنٹ‘‘ کوکیوی بچوں نے تختہ مشق بنالیا

ویلنگٹن نے91 پرڈھیر ہونے والی ٹیم پاکستان شاہینز کو9 وکٹ سے ہرا دیا

ویلنگٹن نے91 پرڈھیر ہونے والی ٹیم پاکستان شاہینز کو9 وکٹ سے ہرا دیا

پاکستان کے ''ٹی ٹوئنٹی ٹیلنٹ'' کو کیوی بچوں نے تختہ مشق بنالیا، ویلنگٹن فائربرڈز نے پاکستان شاہینز کو9 وکٹ سے ہرا دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹرز پر مشتمل بیٹنگ لائن 91 پر ڈھیر ہوگئی، 7 کھلاڑی ڈبل فیگر تک رسائی نہ حاصل کرسکے،3رن آؤٹ ہوئے،میزبان ٹیم نے ہدف 10ویں اوور میں ہی ایک وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، بولرز بھی بے دانت کے شیر ثابت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق میزبان ویلنگٹن فائربرڈز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرنے والے قومی کرکٹرز کی بڑی تعداد شامل ہونے کے باوجود پاکستان شاہینز کی بیٹنگ لائن کسی موقع پر بھی سنبھلتی دکھائی نہیں دی،حیدر علی 6، روحیل نذیر 2اور حسین طلعت 5رنز بناکر چلتے بنے، ذیشان ملک(1) رن آؤٹ ہوگئے۔


عماد بٹ 12تک محدود رہے، افتخار احمد 3، خوشدل شاہ 4رنز بنا سکے، ٹاپ اسکورر دانش عزیز کی اننگز 28پر تمام ہوئی، حارث رؤف(2) اور محمد حسنین (صفر) رن آؤٹ ہوگئے، عثمان قادر23 پر ناٹ آؤٹ رہے، پوری مہمان ٹیم 17.4 اوورز میں 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جیمی گبسن3 اور پیٹر ینگ 2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، ویلنگٹن فائربرڈز نے آسان ہدف 9.5 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا،فن ایلن (13) آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 21تھا، اس کے بعد پاکستان شاہینز کے بولرز وکٹ کو ترستے رہے، ڈیون کانوائے 48 اور راچن روندرا 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، واحد وکٹ محمد حسنین نے حاصل کی،حارث رؤف، عثمان قادر،افتخار احمد اور عماد بٹ میں سے کوئی رنز بھی نہیں روک پایا، پاکستان شاہینز ٹیم اپنا تیسرا ٹی ٹوئنٹی یکم جنوری کو کینٹر بری کیخلاف کھیلے گی۔
Load Next Story