سب سے زیادہ رنز جیک کیلس نے ڈریوڈ سے تیسری پوزیشن چھین لی

الوداعی مقابلے کو سنچری سے یادگار بنانے والے چوتھے جنوبی افریقی کرکٹر بنے

بھارت سے ڈربن ٹیسٹ کے چوتھے دن سنچری کی تکمیل پر جنوبی افریقی بیٹسمین کیلس کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقی آل رائونڈر جیک کیلس نے اپنے آخری ٹیسٹ میں ریکارڈز کا انبار لگادیا، سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز میں راہول ڈریوڈ سے تیسری پوزیشن چھین لی، الوداعی مقابلے کو سنچری سے یادگار بنانے والے چوتھے پروٹیز کرکٹر بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے اسٹار آل رائونڈر جیک کیلس نے اپنے آخری ٹیسٹ میچ کو کئی ریکارڈز ایک ساتھ جڑ کر یادگار بنالیا ہے، انھوں نے بھارت کے خلاف ڈربن میں جاری مقابلے میں 115 رنز اسکور کیے، اس طرح انھوں نے بھارت کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرے سب سے بڑے اسکورر کا ریکارڈ چھین لیا ہے، ان کے مجموعی رنز کی تعداد اب 13289 ہوگئی ہے، اس فہرست میں ٹاپ پر سچن ٹنڈولکر ہیںجنھوں نے ریٹائرمنٹ سے قبل 15921 رنز بنائے جبکہ دوسرے نمبر پر رکی پونٹنگ 13378 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔




جیک کیلس اپنے الوداعی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے چوتھے پروٹیز کرکٹر بن گئے ہیں، ان سے قبل بیری رچرڈز، پی جی وی وان ڈیر بجل اور بی ایل آئروائن یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں، یہ کیلس کی 45 ویں ٹیسٹ سنچری تھی، اس فارمیٹ میں وہ سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے دوسرے کرکٹر ہیں، ٹاپ پر 51 تھری فیگر اننگز کے ساتھ سچن ٹنڈولکر موجود ہیں، 100 سے زائد ٹیسٹ میچز کھیلنے والوں میں الوداعی میچ میں سنچری جڑنے والے کیلس پہلے کرکٹر ہیں۔
Load Next Story