نیا سیزن نیا کوچ شراپووا نئی شروعات کرنے کیلیے پراعتماد

کھیل سے دوری نے جسمانی حالت بہتر بنانے کا موقع دے دیا، روسی ٹینس ساحرہ

کھیل سے دوری نے جسمانی حالت بہتر بنانے کا موقع دے دیا، روسی ٹینس ساحرہ۔ فوٹو: گیٹی امیجز/اے ایف پی/فائل

روسی ٹینس ساحرہ ماریا شراپووا نئے سیزن میں نئے کوچ سیون گروئن ویلڈ کے ہمراہ نئی تاریخ رقم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سیزن کی شروعات پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میں مکمل فٹ ہوں اور دوبارہ ٹینس کورٹس میں واپسی کیلیے بھرپور تیاری کے ساتھ برسبین آئی ہوں، کھیل سے دوری پر مجھے اپنی جسمانی حالت بہتر بنانے کا خاصا وقت مل گیا تھا، میں نے یوایس اوپن سے دستبرداری کا فیصلہ خود کو نئے سیزن کیلیے مکمل طور پرتیارکرنے کے پیش نظرکیا تھا، واضح رہے کہ ماریا شراپووا رواں برس اگست کے شروع میں سنسناٹی ماسٹرز کے پہلے رائونڈ میں سلون اسٹیفنز کے ہاتھوں شکست کے بعد سے مسابقتی ٹینس سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں، تاہم انھوں نے گذشتہ دنوں سرب پلیئر ایناایوانووک کیخلاف کولمبیا میں نمائشی میچ کھیل کر اپنی فٹنس کو جانچا ہے۔




ورلڈ نمبر4 پلیئر نے مزید کہا کہ میں ایک دہائی سے ٹور میں کھیلنے کے باوجود خود کو تروتازہ محسوس کررہی ہوں اور نئے سیزن میں اچھا کھیل پیش کرنے کیلیے پراعتماد ہوں، ان کے نئے کوچ سیون گروئن ویلڈ ماضی میں سابق اسٹارز مونیکا سیلس اور میری پائریس کے ہمراہ بھی کام کرچکے ہیں، انھوں نے کہاکہ سیون انتہائی تجربہ کار کوچ ہیں، میں ہمیشہ سے انھیں اپنا کوچ بنانے کا ارادہ رکھتی تھی جب وہ میری حریف پلیئرز کے ساتھ منسلک تھے۔
Load Next Story