ہاکی چیف سے ملاقاتصدر نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی

قومی کھیل کی بہتری کے لیے ہر قسم کاتعاون جاری رکھیں گے، ممنون حسین

ہاکی کی بہتری کا سفر جاری رہے گا۔ فوٹو : آن لائن

صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی،ان کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کی بہتری کیلیے ہر قسم کاتعاون جاری رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کے نومنتخب صدر اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد علی نے گذشتہ روز صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی، ایوان صدر اسلام آباد میں 40منٹ کی نشست میں قومی ہاکی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا،انھوں نے کہاکہ پی ایچ ایف کو اس وقت مالی مشکلات کا سامنا ہے، بروقت امداد نہ ملنے کی صورت میں ملکی ایونٹس کے انعقاد اور بیرون ملک ٹورنامنٹس میں شرکت سمیت متعدد سرگرمیاں متاثر ہو جائیں گی۔ صدرمملکت نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی جانب سے قومی کھیل کی بہتری کیلیے ہر طرح کا تعاون جاری رکھا جائے گا۔




ممنون حسین نے پی ایچ ایف عہدیداروں کو پریذیڈنٹ گولڈ کپ کراچی میں کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود قومی ایونٹ کے مقابلے دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم آئیں گے۔ بعد ازاں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی نے کہا کہ صدر مملکت سے ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی،ان کی حوصلہ افزائی کے بعد پُرامید ہیں کہ ہاکی کی بہتری کا سفر جاری رہے گا،انھوں نے کہا کہ قومی کھیل کے ختم ہونے کی بات درست نہیں، مسلسل جدوجہد اور حکومت کی معاونت سے ایک بار پھر بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوں گے،گولڈ کپ کے مقابلے کراچی میں کرواکر روشنیوں کے شہر کی رونقوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ نیا ٹیلنٹ بھی تلاش کرینگے۔
Load Next Story