2013ٹیسٹ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی

8 میں سے2 میچز جیتے،کسی سیریز میں فتح ہاتھ نہ آئی،پروٹیز نے کلین سوئپ کیا

مصباح نے سب سے زیادہ570رنز بنائے، بولرز میں سعید39 وکٹیں لے کر سرفہرست۔ فوٹو: فائل

2013 کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی، ٹیم نے8میں سے صرف 2 میچز جیتے جبکہ کسی سیریز میں فتح ہاتھ نہ آئی،مصباح الحق نے سب سے زیادہ570رنز بنائے، بولرز میں سعید اجمل39 وکٹیں لے کر سرفہرست رہے۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس گرین کیپس نے7مکمل ٹیسٹ میں حصہ لیا جبکہ سری لنکا سے آٹھویں میچ کے ایک دن کا کھیل ہوا، اس دوران صرف 2 فتوحات ہی ملیں جبکہ 5میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، آغاز جنوبی افریقہ میں 0-3 کے کلین سوئپ سے ہوا، زمبابوے جیسی ٹیم کو سیریز میں ہرانے کی حسرت ہی رہی، پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد دوسرے میں حیران کن طور پر24رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پروٹیز سے یو اے ای کی سیریز بھی1-1سے برابر رہی۔ پاکستان نے2 بار400 سے زائد رنز بنائے، ابوظبی میں جنوبی افریقہ کیخلاف 442کا مجموعہ حاصل کیا جبکہ زمبابوے سے ہرارے ٹیسٹ میں اننگز419/9پر ڈیکلیئرڈ کی، پروٹیز نے جوہانسبرگ میں مصباح الیون کو 49اور دبئی میں 99 رنز پر ٹھکانے لگایا۔

کپتان مصباح الحق ون ڈے کی طرح ٹیسٹ میں بھی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے، انھوں نے47.50 کی اوسط سے570رنز بنائے، یونس خان نے 549 اور اسد شفیق نے 436 رنز اسکور کیے، تینوں نے سال کے تمام میچز میں حصہ لیا، یونس نے زمبابوے کیخلاف ڈبل سنچری بھی بنائی، وہ اور اسد 2،2جبکہ خرم منظور و مصباح ایک، ایک تھری فیگر اننگز سجانے میں کامیاب رہے،کپتان نے6، اسد شفیق نے 4جبکہ خرم اور یونس نے 3،3 ففٹیز بنائیں۔ بولرز میں سعید اجمل نے8میچز میں 39پلیئرز کو میدان بدرکیا،انھوں نے اننگز میں 3بار5جبکہ میچ میں2بار 10 وکٹیں حاصل کیں، زمبابوے کیخلاف95/7اسپنر کی بہترین کارکردگی رہی، جنید نے6 میچز میں20وکٹیں لیں، راحت علی نے2 جبکہ جنید نے ایک بار اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ وکٹ کیپر عدنان اکمل5میچز میں 21 شکار کے ساتھ نمایاں رہے، اس میں18کیچز اور3اسٹمپڈ شامل تھے۔
Load Next Story