جنوبی افریقا کا ’تھنک ٹینک‘ بھارت میں رہ گیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 18 جنوری 2021
پراسنا اگورم بنگلور میں گھر سے ہی لیپ ٹاپ پر ٹیم کی رہنمائی کریں گے

پراسنا اگورم بنگلور میں گھر سے ہی لیپ ٹاپ پر ٹیم کی رہنمائی کریں گے

 کراچی:  جنوبی افریقا کا ’تھنک ٹینک‘ بھارت میں رہ گیا، ویزا مسائل کی وجہ سے پروٹیز اپنے دیرینہ اینالسٹ کو پاکستان ساتھ نہ لے جاسکے، پراسنا اگورم بنگلور میں گھر سے ہی لیپ ٹاپ کر ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم26 جنوری کو کراچی میں پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ شروع کرے گی،اسے بھارت سے تعلق رکھنے والے اپنے اہم ترین ممبر اور تھنک ٹینک پراسنا اگورم کی خدمات میسر نہیں ہوں گی،وہ گذشتہ 11 برس سے بطور پرفارمنس اینالسٹ ساتھ کام کررہے ہیں، پراسنا ویزا مسائل کی وجہ سے پروٹیز کے ہمراہ پاکستان نہیں جا سکے۔  وہ اب بنگلور میں اپنے گھر سے ہی لیپ ٹاپ پرٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

بھارتی پاسپورٹ کی وجہ سے جنوبی افریقی ٹیم مینجمنٹ نے انھیں بتایا کہ کوشش کے باوجود  سیکیورٹی پروٹوکول کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہیں کرسکتے۔ اس لیے  اب ٹیم جرسی میں ملبوس اور آفیشل ٹریننگ جوتے پہنے اپنے گھر پر 2 لیپ ٹاپ کے ساتھ موجود ہوں گے، شہر میں لوڈشیڈنگ کے خطرے کی وجہ سے وہ ایک گھنٹہ بیک اپ فراہم کرنے والے یوپی ایس کا بھی انتظام کرچکے ہیں، پراسنا نے کہا کہ میں گھر سے ہی اپنی ٹیم کی مدد کیلیے پوری کوشش کروں گا مگر ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر کام کرنے کی اپنی الگ اہمیت ہوتی ہے، تب میں مختلف وقفوں کے دوران صورتحال کے حوالے سے کوچز کو جائزہ رپورٹس پیش کرتا اور وہ اسی کے مطابق حکمت عملی بناتے ہیں۔

چونکہ ڈریسنگ روم میں باہر سے رابطے کی اجازت نہیں اور ٹیم منیجر کے پاس موبائل بھی صرف لاجسٹک مسائل کے لیے ہوتا ہے، اس لیے میں دوران میچ کوچز سے رابطہ نہیں کرسکوں گا تاہم جب وہ ہوٹل واپس پہنچ جائیں گے تو پورے دن کے حوالے سے انھیں اور پلیئرز کو پرفارمنس کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے بتاؤں گا کہ کیا درست اور غلط کیا۔ پراسنا اگورم نے کہاکہ میں پاکستان جانے کے حوالے سے کافی پْرجوش تھا مگر مجھے بتایا گیا کہ جیسے زمبابوے کے بھارتی کوچ لال چند راجپوت نہیں جا سکے اور جس طرح امپائر علیم ڈار بھارت نہیں آسکتے میں بھی وہاں کا سفر نہیں کرسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔