انڈر 19 ایشیا کپ اعصاب کی جنگ میں پاکستان سرخرو

بھارت کیخلاف سمیع اسلم کی سنچری،کرامت علی نے4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

بھارت کیخلاف سمیع اسلم کی سنچری،کرامت علی نے4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فوٹو: فائل

انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ میں روایتی حریفوں کے مابین اعصاب کی جنگ میں پاکستان 2 وکٹ سے سرخرو ہوگیا۔


251 کے بھارتی مجموعہ کو پانے کیلیے ٹیم کو آخری اوور میں 6 رنز کی ضرورت تھی، ظفر گوہر نے دوسری اور تیسری بالز پر مسلسل چوکے جڑتے ہوئے حریف کیمپ پر سناٹا طاری کردیا، سمیع اسلم نے حق قیادت ادا کرتے ہوئے شاندار سنچری جڑی،کامران غلام نے ففٹی بنا کر ٹیم کو کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے میں مدد فراہم کی۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں جاری ایونٹ میں سمیع اسلم نے 119 گیندوں پر 11 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان نے حسن رضا(30) کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا ،جب ٹیم کو کامیابی کیلیے 82 گیندوں پر70 رنز کی ضرورت تھی تو کپتان سمیع، دیپک کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آئوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر کامران غلام نے کنٹرول سنبھالا اور منجھے ہوئے پلیئر کی طرح 69 گیندوں پر55 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کے انتہائی قریب پہنچایا،آخری اوور میں پاکستان کو فتح کیلیے 6 رنز کی ضرورت جبکہ 3 وکٹیں باقی تھیں، چاما میلائنڈ کی پہلی گیند پر ظفر گوہر کو اسٹرائیک دینے کی کوشش میںسلمان سعید رن آئوٹ ہوگئے لیکن اگلی دونوں گیندوںکو ظفر نے بائونڈری کی سیرکراتے ہوئے ٹیم کو سرخرو کرا دیا، کلدیپ یادیو نے 2وکٹیں لیں،3پلیئرز رن آئوٹ ہوئے۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی بھارتی سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹیں گنوا کر 250 رنز بنائے،رکی بھوئی64، انکش بائنز41 اورسنجو سیمسن 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، لیگ اسپنر کرامت علی نے صرف 28 رنز دیکر 4 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا۔
Load Next Story