پریذیڈنٹ ٹرافی ذوالفقار بابر اننگز میں 8 وکٹیں لے اڑے

پی آئی اے کیخلاف میچ میں15 شکار،زرعی ترقیاتی بینک کوکے آر ایل پر فتح کیلیے مزید72 رنز کی ضرورت

پی آئی اے کیخلاف میچ میں15 شکار،زرعی ترقیاتی بینک کوکے آر ایل پر فتح کیلیے مزید72 رنز کی ضرورت، سوئی گیس کے عمر اکمل کی ففٹی۔ فوٹو: فائل

NAIROBI:
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پی آئی اے کیخلاف واپڈا کے اسپنر ذوالفقار بابر اننگزمیں8 وکٹیں لے اڑے۔


انھوں نے میچ میں وکٹوں کی تعداد 15کرلی،207 کا ہدف ملنے پر ٹیم کے اوپنرز 10 رنز پرپویلین واپس لوٹ گئے، کے آر ایل کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم کامیابی سے72 رنز کی دوری پر پہنچ گئی،184رنزکا تعاقب کرتے ہوئے اس نے5 وکٹ پر 112رنز جوڑلیے،حبیب بینک کیخلاف سوئی ناردرن گیس نے 5 وکٹ پر 283 رنزجوڑ لیے، عمراکمل نے نصف سنچری بنائی، سیالکوٹ میں بارش کے سبب پورٹ قاسم اور نیشنل بینک کے درمیان میچ میں تیسرے دن کا کھیل نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ گریڈ ون کے آٹھویں رائونڈ میں تیسرے دن پی آئی اے کیخلاف 207 کا ہدف پانے والی واپڈا کی ٹیم نے 11 اوورز میں 10 رنز پر اوپنرز کی وکٹیں کھو دیں، نجف شاہ اور علی رضا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، عدنان رئیس 3 اور محمد حسیب 2رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل ایئرلائنز کی ٹیم دوسری باری میں 284رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، شعیب خان 113 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، انھوں نے 174 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15چوکے لگائے، فیصل اقبال87رنز بناکر نمایاں رہے، پہلی باری میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کرنے والے واپڈا کے اسپنر ذوالفقار بابر نے دوسری کاوش میں 8 وکٹیں لے کر میچ میں اپنے شکاروں کی تعداد 15 کرلی۔

کے آر ایل کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک کو فتح کیلیے پانچ وکٹوں کی موجودگی میں مزید 72رنز درکار ہیں، 184 رنز کا ہدف پانے والی بینک کی ٹیم نے دن کے اختتام پر پانچ وکٹ پر 112رنز بنالیے، عمران نذیر39 اور یاسر حمید26رنز بناکر میدان بدر ہوئے، ذوالقرنین حیدر12 اور زوہیب خان 1رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، واضح رہے کہ ذوالقرنین نے پہلی اننگز میں 72کی اننگز کھیلی تھی، اس سے قبل کے آر ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 206رنز بناکر آئوٹ ہوئی، شعیب احمد81 اور علی خان 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، زوہیب خان نے 4، عمران خان نے3 اور سجاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ حبیب بینک کے ٹوٹل 450 کے جواب میں سوئی ناردرن گیس نے 5 وکٹ پر 283رنز جوڑ لیے، عمراکمل نے 105 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 61 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل رہے، خرم شہزاد 32 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، محمد رضوان 35 اور علی وقاص 18 پر ناٹ آئوٹ ہیں، محمد اسلم نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ سیالکوٹ میں بارش کے سبب جناح اسٹیڈیم پر پورٹ قاسم اور نیشنل بینک کے درمیان تیسرے دن کا کھیل ممکن نہیں ہوسکا، دوسری باری میں 4 وکٹ پر 152 رنز بنانے والے پورٹ قاسم کی مجموعی برتری 279رنز ہے۔
Load Next Story