سرینا نے سیزن کے ابتدائی مقابلے میں پیٹکووک کو زیر کرلیا

بارٹی انجرڈ ہونے پر ایونٹ سے دستبردار، ماریا شراپووا کی اگلے رائونڈ میں رسائی

برسبین: پیٹکووک کیخلاف میچ سے قبل امریکی ٹینس اسٹارسرینا ولیمز مداحوںکی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلا رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز نے 2014 سیزن کے ابتدائی مقابلے میں سخت مقابلے کے بعد جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک کو زیرکرلیا۔


امریکی سپراسٹار نے6-4،6-4 سے فتحیاب ہوکر برسبین انٹرنیشنل ٹینس کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، دفاعی چیمپئن اب ڈومنیکا سبولکووا کا سامنا کریں گی، 9 سیڈ سلواکین پلیئر نے دوسری آزمائش میں تجربہ کار جاپانی حریف کیمیکو ڈیٹ کروم کو 6-3 ،1-6اور6-3 سے مات دے دی، 4 سیڈ جیلینا جینکووچ نے الینا سویٹولینا کو6-1،6-3 سے پچھاڑ کر رائونڈ 8 میں رسائی پالی، جواں سال آسٹریلین پلیئر ایشلیگ بارٹی نے انجرڈ ہونے پر ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرلی،یوں روسی اسٹار ماریا شراپووا دوسرا رائونڈ کھیلے بغیر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، دونوں پلیئرز کا میچ بدھ کو شیڈول تھا، بارٹی کو بائیں پنڈلی کے پٹھے میں تکلیف واقع ہوئی، شراپووا کو اب اسٹونیا کی کائیا کنیپی کا چیلنج درپیش ہوگا،جنھوں نے دوسرے مرحلے میں کارلا سواریزنیواروکو6-2،6-2 سے مات دی۔

مینز سنگلز فرسٹ رائونڈ میچزمیں 6 سیڈ فلکیانو لوپز نے میکائیل کوکوشین کو 6-4،6-4اور فرانس کے 8 سیڈ جیریمی شارڈے نے ہموطن ایڈرین مینارینو کو 7-6(7/4) اور7-5 سے قابو کیا،آسٹریلوی اسٹار لیٹن ہیوٹ نے ہموطن تھانیسی کوکینیکس کو 6-3،7-5 سے ہرادیا۔دوسری جانب آکلینڈ ویمنز کلاسک ٹینس میں ٹاپ سیڈ روبریٹا ونسی پہلے رائونڈ کی مہمان بن گئیں،انھیں کروشیا کی غیرمعروف کھلاڑی اینا کونجو نے 3-6،6-4 اور6-2 سے ٹھکانے لگایا، سیکنڈ سیڈ اینا ایوانووک نے امریکی حریف ایلیسون ریسکی کو 7-5،7-6(7/2) سے زیر کیا، کرسٹن فلپکنز نے مونیکا پوئگ کو مات دی، فورتھ سیڈ سورانا کرسٹیا کو بھی کینیڈا کی شیرون فچمان کے ہاتھوں شکست ہوگئی، 6سیڈ لوسیا سفارووا کو جاپان کی آیومی موریٹا جبکہ 8 سیڈ اطالوی پلیئر کیرن کینپ کو جرمنی کی جولیا گوریجس نے مات دی۔
Load Next Story