آئی او سی نے سوچی میں سیکیورٹی خدشات مسترد کردیے

گیمز کے انعقاد سے دہشتگردوں کومذموم مقاصدمیں کامیاب نہیں ہونے دینگے، باخ

امریکا نے اولمپکس سے قبل روس کوسیکیورٹی تعلقات میں تعاون کی پیشکش کر دی۔ فوٹو: فائل

آئی او سی نے سوچی میں سیکیورٹی خدشات مسترد کردیے، تھومس باخ کا کہنا ہے کہ ہم گیمز کے انعقاد سے دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

امریکا نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی تنبیہ کے ساتھ اولمپکس سے قبل روس کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات میں تعاون کی پیشکش کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روسی شہر وولگوگارڈ میں حالیہ 2خود کش حملوں کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے سوچی میں سیکیورٹی خدشات مسترد کردیے،صدر تھومس باخ نے ایک بیان میں کہاکہ گیمز کے انعقاد سے دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ معصوم لوگوں پر قابل نفرت حملہ اور پوری اولمپک موومنٹ میرے ساتھ اس بزدلانہ کارروائی کی پُرزور مذمت کرتی ہے، ہم جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں یکساں شریک ہیں۔ باخ نے مزید کہاکہ میں نے ذاتی طور پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو خط میں روسیوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا، ہمیں یقین ہے کہ حکام سوچی میں محفوظ اور بے ضرر گیمز کے انعقاد میں کامیاب ہوں گے،ایتھلیٹس اور اولمپک گیمز کے تمام شرکا کی سیکیورٹی کیلیے ہر اقدام اٹھایا جائیگا۔


صدر آئی او سی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ دہشتگردی ایک عالمی بیماری بن چکی لیکن ہم گیمز کے انعقاد سے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیں گے، اولمپک گیمز میں پوری دنیا سے مختلف پس منظر اور عقیدوں کے لوگ شریک ہوکر اپنے اختلافات کو پُرامن طریقے سے حل کرتے ہیں، حمایت کے کئی بیانات اور انٹرنیشنل کمیونٹی کے اتحاد سے میں پُراعتماد ہوں کہ تحمل و رواداری کا یہ پیغام سوچی میں ہونے والے اولمپک ونٹر گیمز پر بھی اثر انداز ہوگا۔ دریں اثنا امریکا نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی تنبیہ کے ساتھ سوچی ونٹر اولمپکس سے قبل روس میں سیکیورٹی تعلقات بڑھانے کی پیشکش کر دی ہے، نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ترجمان کیٹلن ہیڈن نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی حکومت نے سوچی اولمپک گیمز کیلیے سیکیورٹی تیاریوں پر روسی حکومت کو مکمل تعاون پیش کیا،ہم وولگوگارڈ میں خودکش حملوں کی پُر زور مذمت اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں ، کیٹلن نے کہاکہ امریکا دہشتگردی کیخلاف روسی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے گیمز کیلیے روس کے سفر کی منصوبہ بندی کرنیوالے تمام امریکی عوام کو محتاط رہنے کی تنبیہ کردی ہے۔ وزارت کی نائب ترجمان میری ہارف نے کہاکہ یو ایس ڈپلومیٹک سیکیورٹی اسٹاف روسی حکام کے ساتھ کئی ماہ سے گیمز کی سیکیورٹی پر کام کررہا ہے ، یہ ایک انتہائی مثبت، خوشگوار انٹرنیشنل اسپورٹنگ ایونٹ ہے لیکن وہاں جانے والے افراد کو اپنی حفاظت کیلیے کڑی نظر رکھنا ہوگی۔
Load Next Story