سندھ حکومت کا کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے رواں سال ابتدائی طورپر ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ نے برطانوی کورونا ویکسین بنانے والی ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ رواں سال ابتدائی طورپر ویکسین خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین حاصل کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے، دنیا کے کئی ممالک میں لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے لیکن وفاق اب خریداری کی منصوبے بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 60 سال سے زیادہ عمرافراد کیلئے آن لائن پورٹل قائم کر رہے ہیں۔