شہر قائد میں بدترین ٹریفک جام سے شہری جھنجھلاہٹ کا شکار

ٹریفک پولیس کے ناقص اقدامات کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کی ازیت ناک صورتحال سامنا کرنا پڑا

ٹریفک پولیس کے ناقص اقدامات کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کی ازیت ناک صورتحال سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو : فائل

شہر میں دوسرے روز بھی بدترین ٹریفک جام سے شہری جھنجھلاہٹ کا شکار ہوگئے۔

شہر میں دوسرے روز بھی بدترین ٹریفک جام کے باعث متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، ٹریفک پولیس کے ناقص اقدامات کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کی ازیت ناک صورتحال سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہری جھنجلاہٹ کا شکار ہوگئے اور مختلف مقامات پر راستہ نہ ملنے یا جلدی بازی کا مظاہرہ کرنے پر آپس میں ہی الجھتے اور تکرار کرتے ہوئے دکھائی دیے۔


ایک جانب نیشنل اسٹیڈیم میں ملکی و غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی تو دوسری جانب نیو پریڈی اسٹریٹ پر مذہبی جماعت کے ملین مارچ نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا۔

گزشتہ روز بھی شہر کے اہم شاہراہوں شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، جیل چورنگی، بہادر آباد، دھوراجی، شہید ملت روڈ، راشد منہاس روڈ، صدر، گرومندر، ریگل چوک، برنس روڈ اور ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بدترین ٹریفک جام میں گاڑیوں کی طویل قطاریں دکھائی دیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کونسا اصول ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں کو کنٹینرز اور گاڑیاں لگا کر ٹریفک کے نظام کو مفلوج کر دیا جائے ، بے شک کرکٹ ٹیموں کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے لیکن شہریوں کی سہولت کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
Load Next Story