نیا سال آتے ہی آفریدی کو 17سالہ ریکارڈ سے محروم کرگیا

بھتیجے نے نیند سے جگاکرخبردی،اینڈرسن کا پہلے کبھی نام تک نہیں سنا تھا،آل راؤنڈر

اعزاز سے محرومی کی توقع نہ تھی،کرکٹ کیریئر کے دوران قبضہ برقرار رکھنا چاہتا تھا. فوٹو: فائل

نیا سال آتے ہی پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو تیز ترین سنچری کے17سالہ ریکارڈ سے محروم کرگیا۔

انھوں نے بتایا کہ بھتیجے نے نیند سے جگاکریہ خبردی،آفریدی نے تسلیم کیا کہ کیوی بیٹسمین کورے اینڈرسن کا اس سے قبل کبھی نام تک نہیں سنا تھا۔ تفصیلات کے مطابق آفریدی نے اکتوبر 1996 میں سری لنکا کیخلاف نیروبی میں37 گیندوں پرتیز رفتار سنچری کا ریکارڈ قائم کیا تھا، اینڈرسن نے کوئنز ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ان سے ایک گیند قبل یہ کارنامہ انجام دے دیا، اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ میں صبح سو رہا تھا جب بھتیجے نے جگاکر کہا کہ ''چاچو آپ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا'' مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی۔




انھوں نے کہا کہ ریکارڈ تو بنتے ہی ٹوٹنے کیلیے ہیں، میں نے بھی جے سوریا کو اس اعزاز سے محروم کیا تھا، اب میرا بھی ریکارڈ ٹوٹ گیا، البتہ میری خواہش تھی کہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے رہنے تک یہ اعزاز قائم رہتا، یہ ریکارڈ میری پہچان بنا ہوا تھا، اینڈرسن اس کارنامے پر داد کا مستحق ہے، مگر کھیل کی تیز رفتاری دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ یہ ریکارڈ بھی جلد ٹوٹ جائے گا،آفریدی نے مزید کہاکہ میرا خیال تھا کہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر یہ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں،مگر یہ وہم و گمان میں نہ تھا کہ ایک نیا کھلاڑی ایسا کر جائے گا، اب میری تمنا ہے کہ کوئی پاکستانی تیز ترین سنچری بنائے، انھوں نے کہا کہ تیز بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا انحصار کھلاڑی کی فارم پر ہوتا ہے، میں ایسا کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر بھی نگاہ رکھتا ہوں۔
Load Next Story