قصبہ کالونی میں بھتہ خوروں کافیکٹری پردستی بم سے حملہ

دھماکے سے فیکٹری کے کارکنوں میں بھگدڑ مچ گئی،ملزمان فرار ہوگئے

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی،علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فوٹو: فائل

قصبہ کالونی میں فیکٹری کے باہر دستی بم دھماکے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔

دستی بم کاحملہ بھتہ خوروں نے کیا تھا ،پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی مدینہ ہوٹل کے عقب میں واقع لوہے کے تار بنانے والی فیکٹری کے دروازے پرموٹر سائیکل سوار بھتہ خور دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے ، دستی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں فیکٹری میں موجود کارکنوں میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ فیکٹری سے باہر نکل کر جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی،علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ،علاقہ مکینوں اور دیگر فیکٹریوں میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد باہر نکل آئی۔




اطلاع ملنے پر پولیس و رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،موقع پر موجود لوگوں کو ممکنہ دوسرے دھماکے کے پیش نظر دور ہٹادیا،بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کو طلب کر لیا،پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا،فیکٹری کے داخلی دروازے اوردیوارکو جزوی نقصان پہنچا،مذکورہ فیکٹری کے مالک ذوالفقار نامی شخص ہے اور پولیس واقعے کو بھتہ کا تنازعہ قرار دے رہی ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالک کے بیان کے بعد ہی مذکورہ واردات میں ملوث ملزمان کے حوالے سے معلوم ہوسکے گا۔
Load Next Story