عبوری کمیٹی کا اجلاسکرکٹ ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش پر فیصلہ نہ ہو سکا

آئی سی سی، اے سی سی اور حکومت سے مشاورت کے بعدکوئی قدم اٹھایا جائے گا

اجلاس میں بورڈکے کنٹریکٹ ملازمین کی مدتبڑھانے کی منظوری کے ساتھ بناولینٹ فنڈز میں ترامیم کی تجاویز بھی دی گئی۔فوٹو:فائل

لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیاکپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20میں شرکت کے حوالے سے کسی فیصلے پر نہ پہنچ سکی۔

آئی سی سی، اے سی سی اور حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد کوئی قدم اٹھایا جائیگا۔گذشتہ روز نجم سیٹھی کی زیرسربراہی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ارکان شہر یار خان، نوید اکرم چیمہ، ہارون رشید، ظہیر عباس، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، چیف فنانشنل آفیسر بدر منظور خان اور سلمان نصیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکا کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس کے بعد کمیٹی نے میزبان بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال بالخصوص پاکستان کے خلاف احتجاج پر تشویش کا اظہار کیا، شرکا نے فیصلہ کیا کہ دونوں میگا ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے اے سی سی، آئی سی سی اور حکومت سے بھی مشاورت کی جائیگی۔




ارکان کو پی سی بی کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جاری کیس کے موجودہ اسٹیٹس کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ مالی معاملات کیلیے شارٹ ٹرم پالیسی کی تجویز دی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں بورڈکے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت31 جنوری 2014 تک بڑھانے کی منظوری کے ساتھ بناولینٹ فنڈز میں ترامیم کی تجاویز بھی دی گئی جو اتفاق رائے سے منظورہو گئیں۔دوسری جانب نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلیے جمعے کو کولمبو روانہ ہونگے، اس موقع پر بنگلہ دیش کی صورتحال پر بھی بات ہوگی۔
Load Next Story