انڈر19 ایشیا کپایک اور پاک بھارت معرکے کیلیے میدان سج گیا

کل فائنل میں مقابلہ،افغانستان کیخلاف 5 وکٹیں لینے والے کرامت اﷲ کی ہیٹ ٹرک، سمیع اسلم کے75رنز، سری لنکا بھی ناکام

کپتان سمیع اسلم نے75 رنز کی اننگز کھیلی، بلو شرٹس نے سری لنکا کو3وکٹ سے زیر کیا۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI:
انڈر19ایشیاکپ میں ایک اور پاک بھارت معرکے کیلیے میدان سج گیا، دونوں ٹیمیں ہفتے کو ٹرافی کیلیے مدمقابل ہوں گی، گذشتہ روز سیمی فائنل میں گرین شرٹس نے سخت مقابلے کے بعد افغانستان کو2 وکٹ سے ہرایا، 5 وکٹیں لینے والے کرامت اﷲ نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ بھی انجام دیا۔

کپتان سمیع اسلم نے75 رنز کی اننگز کھیلی، بلو شرٹس نے سری لنکا کو3وکٹ سے زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق افغان سائیڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی،شاہداللہ اوراحسان اللہ نے43 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن اگلے 9 اوورز میں ٹیم 27 رنز کے دوران 4 وکٹوں سے محروم ہوگئی، حشمت اللہ شائیدی اور وحید اللہ نے پانچویں وکٹ کیلیے87 رنز جوڑتے ہوئے مناسب ہدف کے حصول کی امیدوں کو جگایا لیکن وحید (47) کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم ایک بار پھر مشکل میں مبتلا ہوگئی، 6 وکٹ پر 182 رنز کیساتھ افغان سائیڈ46 ویں اوورز میں داخل ہوئی مگر لیگ اسپنر کرامت علی نے مسلسل 3 گیندوں پر وکٹیں لے کر حریف سائیڈ کو شدید دھچکا پہنچایا، آخری کھلاڑی 196 پر میدان بدر ہوگیا،کرامت نے 33 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔




سلمان سعید نے3 اورظفر گوہر نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں شایان جہانگیر کی صورت میں گر گئی، کپتان سمیع اسلم نے ایک بار پھر کنٹرول سنبھالا اور حریف بولرز کی درگت بنانا شروع کردی، انھوں نے80 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے، سمیع نے دوسری وکٹ کیلیے امام الحق کے ہمراہ 107 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔ایک موقع پر پاکستان کا اسکور 1 وکٹ پر 111 رنز تھا مگر کپتان کے جاتے ہی امام الحق کی ہمت بھی42 پر جواب دے گئی۔

2 رنز بنائے والے سعود شکیل نے 133 پرپہنچ کر ہتھیار ڈال دیے، حسن رضا(33) اور حسین طلعت(22) نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 44.1 اوور میں4 وکٹ پر 181 تک پہنچایا، دونوں ہی 45 ویں اوور میں آؤٹ ہوکر ٹیل اینڈرز کو امتحان میں ڈال گئے۔46 ویں اوور کی پہلی گیند پر ظفر گوہر(2) بھی چلتے بنے، وکٹ کیپر سیف اللہ خان نے فتح سے ایک رن قبل وکٹ گنوا دی، کامران غلام نے 48 ویں اوور کی دوسری گیند کو باؤنڈری کی سیر کراتے ہوئے پاکستان کو ٹائٹل معرکہ میں پہنچا دیا جہاں پر اس کا سامنا بھارت سے ہو گا، جس نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو3 وکٹ سے زیرکیا، ابوظبی میں ناکام سائیڈ نے 223 رنز بنائے، فاتح ٹیم نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 7 وکٹیں گنوا کر حاصل کیا۔
Load Next Story