کینگروز نے انگلش امیدوں کو دفنانے کا بندوبست کرلیا

پانچواں ایشزٹیسٹ آج شروع ہوگا،میزبان کی نگاہیں تیسری کلین سوئپ فتح پر مرکوز

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران انگلش کرکٹر ای ین بیل ڈائیو لگا کر کیچ تھام رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

MUMBAI:
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹیسٹ سڈنی میں کھیلا جا رہا ہے، کینگروز نے انگلش امیدوں کو دفنانے کا بندوبست کرلیا۔

کھلاڑیوں کی نگاہیں تاریخ کی تیسری ایشز کلین سوئپ فتح پر مرکوز ہے، اب تک کی فاتح الیون کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے، دوسری جانب مہمان سائیڈ نئے ہتھیاروں سے وائٹ واش کا راستہ روکنے کی خواہاں اور پلیئنگ الیون میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں کلین سوئپ کے حصول کا عزم لے کر میدان میں اترے گی، انگلش سائیڈ مسلسل چوتھی بار ایشز جیتنے کا خواب آنکھوں میں لے کینگروز کے دیس آئی تھی مگر اب اسے وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔ میزبان کی جانب سے ابتدائی چار میچز کی فاتح الیون میں تبدیلی کا امکان کم ہی ہے، شین واٹسن اور ریان ہیرس نے گذشتہ روز نیٹ میں بولنگ کی، ان کے بارے میں فیصلہ آخری لمحات میں کیا جائے گا۔




کپتان مائیکل کلارک نے کہاکہ ہمارے فاسٹ بولرز ایس سی جی کی گرین ٹاپ وکٹ سے فائدہ اٹھانے کیلیے بے تاب ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ کی جانب سے بھی ٹیم میں ردوبدل متوقع ہے، مائیکل کیربیری کی جگہ جوئے روٹ کو ٹاپ آرڈرپر ترقی مل سکتی ہے جبکہ ای ین بیل ون ڈائون پر کھیلیں گے، وکٹ کیپر میٹ پرائر کی واپسی کا امکان نہیں، بیئر اسٹو ہی گلوز پہنیں گے، اسپنر مونٹی پنیسر کی فٹنس کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ کپتان الیسٹر کک نے بھی چند تبدیلیوں کے بارے میں عندیہ دیا، انھوں نے کہاکہ سیریز ہمارے ہاتھ سے پہلے ہی نکل چکی، اب ہمیں خود کو وائٹ واش کی خفت سے بچانا اور اس کیلیے تمام پلیئرز کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اگر یہ میچ جیت گیا تو پھر اس کا یہ تیسرا ایشز کلین سوئپ ہوگا، اس سے قبل کینگروز نے 1920-21 اور 2006-07 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اگر ٹیم میں کوئی ردوبدل نہیں ہوئی تو یہ پہلا موقع ہوگا جب آسٹریلیا پانچ میچز کی سیریز میں ایک ہی الیون کھلائے گا۔
Load Next Story