نئی آئینی ترمیم سازش ہے کل یہودی اور بھارتی بھی یہاں الیکشن لڑیں گے شاہد خاقان

کون سا ملک ہے جہاں غیرملکیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہے؟قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات بھی شو آف ہینڈ سے ہونے چاہئیں

کون سا ملک ہے جہاں غیرملکیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہے؟قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات بھی شو آف ہینڈ سے ہونے چاہئیں (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نئی آئینی ترمیم سازش ہے جس کے بعد کل یہودی اور بھارتی بھی یہاں الیکشن لڑیں گے، بتایا جائے کون سا ملک ہے جہاں غیرملکیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہے؟

کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق ایم ڈی پیٹرولیم عمران الحق، سابق ڈپٹی ایم ڈی یعقوب ستار اور دیگر پیش ہوئے۔

گواہوں اور وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث ریفرنس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کردی گئی۔ نیب کے مطابق ملزمان نے پاکستان اسٹیٹ آئل میں ایم ڈی اور دیگر کی غیر قانونی بھرتیاں کی۔ ملزمان کی غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 138 ملین کا نقصان پہنچا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خاقان عباسی نے کہا کہ ہفتے میں ایک دن کراچی اور ایک دن اسلام آباد میں نیب عدالت میں پیش ہوتے ہیں، ابھی تک سمجھ نہیں آیا الزامات ہیں کیا؟ 73 سال سے سیاست دانوں پر ظلم ہوتے رہے ہیں، چاہتے ہیں سامنے آئے جرم یا کرپشن کہاں ہوئی ہے؟ ابھی تک کوئی ثبوت سامنے آیا نہ پیپر، مگر ہم پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ میانمار میں دو الزامات پر وزیر اعظم کو نکال دیا، صرف کووڈ کی خلاف ورزی پر کیسز بن رہے ہیں، یہاں تو کوئی وزیر ایسا نہیں جو کرپٹ نہ ہو، ہر وزیر ایل این جی سے لے کر براڈ شیٹ میں ملوث ہے، کرپشن کی تحقیقات کرنے والا ادارہ خود کرپٹ ہے، کمیشن کا مقصد صرف براڈ شیٹ کی حقیقت کو چھپانا ہے۔


شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج نہیں تو کل یہ لوگ ایکسپوز ہوں گے، نواز شریف کا 20 سال پیچھا کیا اور الزامات لگائے، آج ایسی حکومت ہے جسے سچ بولنے کی ہمت نہیں، کل آپ کے سامنے اسمبلی کی حقیقت بھی آگئی، اسپیکر چوروں کی طرح فلور چھوڑ کر چلا جائے ایسے پارلیمان کی کیا اہمیت ہوگی، ترمیم کی بات کررہے ہیں، غیر ملکیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم ایک سازش ہے، کل یہودی اور بھارتی بھی الیکشن لڑیں گے، یہ عمران خان کی ترمیم ہے جو انشااللہ پاس نہیں ہوگی، بتائیں کون سا ملک ہے جہاں غیر ملکیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہے؟

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 400 ارب چینی میں کرپشن کی نذر ہوگئے، ان کے تمام وزیر منہ کھول کر بیٹھے ہوئے ہیں، چیئرمین نیب کی جتنی بے عزتی ہوچکی ہے اگر کوئی اور ہوتا تو گھر چلا جاتا، پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے ہر فیصلے کی حمایت کی ہے، وزیر اعظم کہتا ہے ایک ارب کی کرپشن ہوئی، اگلے ہفتے کہتا ہے کہ میرا براڈ شیٹ سے تعلق نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے ساتھ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات بھی شو آف ہینڈ سے ہونے چاہئیں، جب تک ملک آئین کے تحت نہیں چلائے جائیں گے اس وقت ایسے معاملات چلتے رہیں گے، ووٹ آف کانفیڈنس کا استعمال وہاں ہوتا جہاں کوئی آئین ہو۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کا کامیاب اتحاد ہے، پی ڈیم ایم اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ کے بغیر چل رہا ہے، آج صوبے کی جماعت مذہبی جماعتیں اور دیگر ایک بیج پر نظر آتی ہیں، چیلنج ہے عمران خان کو کہ الزام لگاؤ اور کیمرے پر ثبوت دو۔
Load Next Story