کرکٹرز کو نئے سال کی پہلی خوشخبری ملنے کا وقت قریب

سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ماہانہ تنخواہوں میں10 سے 15فیصد اضافے کا فیصلہ

چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد کے معاملے پر سخت موقف، مزید رقم نہ دینے پر اتفاق۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹرز کو نئے سال کی پہلی خوشخبری ملنے کا وقت قریب آگیا، پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ماہانہ تنخواہوں میں10 سے 15فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سلیکٹرز کو ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرنے کا ٹاسک بھی مل چکا تاہم وہ معاہدے کے دورانیے میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ دوسری جانب چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد وولفز کے معاملے پر سخت موقف اپناتے ہوئے پلیئرز کو مزید رقم نہ دینے پر اتفاق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 14مئی کو کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا، اس کا دورانیہ یکم جنوری سے31دسمبر2013 تک تھا،21 پلیئرز کو 3 کیٹیگریز اے، بی اور سی میں جگہ دی گئی تھی،اسٹیپنڈ کیٹیگری میں بھی9کرکٹرز شامل ہوئے، بورڈ نے ماہانہ تنخواہوں میں15فیصد اضافہ کیا جس سے مطمئن نہ ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کو بادل نخواستہ دستخط کرنے پڑے تھے، اس سے قبل2012میں 3 برس بعد25فیصد انکریمنٹ دیا گیا تھا، یوں اب مسلسل تیسرے برس کھلاڑی اضافے کا لطف اٹھائینگے۔




اس حوالے سے کافی عرصے سے سینئر پلیئرز پی سی بی حکام سے بات چیت کر رہے تھے، قومی سلیکٹرز کو فہرست کی تیاری کا کام سونپا جا چکا، انھوں نے ابتدائی طور پر یہ تجویز دی کہ معاہدوں کا دورانیہ جنوری سے دسمبر تک نہیں ہونا چاہیے، قومی سیزن مارچ، اپریل میں ختم ہوتا ہے وہیں سے آغاز کرکے ایک سال کے کنٹریکٹ دینا مناسب ہوگا،اس سے ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی بھی جانچنے کا موقع مل سکتا ہے، فی الحال پی سی بی کی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی عدالتی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں جو آئندہ چند روز میں سامنے آئیگا، اسی کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد وولفز کے معاملے پر سخت موقف اپناتے ہوئے پلیئرز کو مزید رقم نہ دینے پر اتفاق ہوگیا، بورڈ حکام کا موقف ہے کہ سیالکوٹ اسٹالینز کو بھی اتنا ہی حصہ دیا گیا تھا لہٰذااب فیصل آباد کو زیادہ رقم دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
Load Next Story