پریذیڈنٹ ون ڈے کپ کامران کی طوفانی سنچری نیشنل بینک فتحیاب

پورٹ قاسم کو 9 وکٹ سے شکست ،زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف کے آرایل7 وکٹ سے کامیاب

فہد اقبال نے96 رنز بنائے،پی ٹی وی نے یوبی ایل کو سنسنی خیز مقابلے میں7رنز سے زیر کرلیافوٹو: محمود قریشی/ایکسپریس/فائل

لاہور:
پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں کامران اکمل نے طوفانی سنچری سے نیشنل بینک کو فتح دلا دی۔

پورٹ قاسم کو یکطرفہ مقابلے میں9 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،اوپنر نے81گیندوں پر116کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،اس میں20چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف کے آرایل نے7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی،سہیل تنویر نے 49رنز اسکورکیے، پی آئی اے نے واپڈا کو4وکٹ سے مات دی، ناکام سائیڈ کیلیے ذوالفقاربابرنے52 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، پی ٹی وی نے یوبی ایل کو سنسنی خیز مقابلے میں7رنز سے زیر کرلیا،سوئی ناردرن گیس نے حبیب بینک کو 16رنزسے قابوکیا۔ تفصیلات کے مطابق آٹھویں رائونڈ میں نیشنل بینک نے پورٹ قاسم کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹ سے پچھاڑ دیا، سیالکوٹ میں منعقدہ اس مقابلے میں ناکام ٹیم 41.3 اوورز میں 174رنز پر ہمت ہارگئی، دانیال احسن 44 ، عمرامین36 اورکامران یونس 22 رنز بناکر نمایاں رہے، عدنان رسول نے 3 جبکہ وہاب ریاض اور حماد اعظم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

این بی پی نے ہدف23.1 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا،کامران اکمل نے 81 گیندوں پر 116 کی ناقابل شکست طوفانی اننگز کھیلی، اس دوران انھوں نے20چوکے اور ایک چھکا جڑا، محمد نواز 39 پر ناٹ آئوٹ رہے، دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے144رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی، یہ کامران اکمل کی12ویں اے لسٹ سنچری تھی،ناصر جمشید9رنز بناکرچوتھے اوور میں آئوٹ ہونے والے واحدکھلاڑی بنے۔زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف کے آرایل نے7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، ذوالفقار جان اور عثمان صلاح الدین کی نصف سنچریاں فتح میں اہم ثابت ہوئیں، 204 رنز کا ہدف ٹیم نے 36.4 اوورز میں 3 وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، ذوالفقار90 گیندوں پر68رنز بناکر میدان بدر ہوئے جبکہ عثمان 65 پر ناقابل تسخیر رہے۔




زیڈ ٹی بی ایل نے5رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے باوجود مقررہ 45 اوورز میں 9وکٹ پر203 کا ہندسہ سجایا، سہیل تنویر نے 49 کی اننگز کھیلی، فاسٹ بولرز صدف حسین اور عمید آصف نے 3،3 وکٹیں لیں۔پی آئی اے نے واپڈا کو 4 وکٹ سے شکست دی، ناکام سائیڈ نے 8وکٹ پر 217رنز بنائے، ذوالفقاربابر52 ناٹ آئوٹ اور صدف ظفر50رنز کے ساتھ نمایاں رہے،انور علی نے3 وکٹیں لیں،ایئرلائنز نے ہدف تک رسائی میں6 وکٹیں گنوائیں، فہد اقبال96 اور کامران ساجد60رنز بنانے میں کامیاب رہے۔پی ٹی وی نے یوبی ایل کو سنسنی خیز مقابلے میں7رنز سے زیر کرلیا، کامیاب سائیڈ نے 9 وکٹ پر 189رنز بنائے،محمد نعیم 85 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، عادل رضا نے 3 جبکہ آصف رضا اور کاشف بھٹی نے 2،2 وکٹیں لیں۔

بینک کی ٹیم جوابی اننگز میں 182رنز پر آئوٹ ہوگئی، سعید بن ناصر47، محمد ارشاد38 اور محمد زوہیب 35 رنزبناکرنمایاں رہے، کلیم ثنا نے 16رنز کے عوض4کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ سوئی ناردرن گیس نے حبیب بینک کو 16رنزسے مات دے دی، فاتح سائیڈ نے9 وکٹ پر 266 رنز جوڑے، توفیق عمر85، علی وقاص 33، محمد رضوان 33 جبکہ عمر اکمل 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سرمد انور نے 4 کھلاڑیوں کو قابو کیا، ایچ بی ایل کی ٹیم مقررہ 45اوورز میں 8 وکٹ پر 250رنز بنا سکی، بلال شفایت73، ہمایوں فرحت39، جمال انور36 اور عمران فرحت35رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے، خرم شہزاد نے 3 اور یاسر شاہ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
Load Next Story