رینجرز اور پولیس نے چھاپوں کے دوران108ملزم دھر لیے اسلحہ اور دستی بم برآمد

ٹارگٹڈآپریشن اوراسنیپ چیکنگ کےدوران23ملزم گرفتارکرلیے،فرقہ وارانہ قتل کی وارداتوں کےپیچھے سیاسی جماعت ہے،ترجمان رینجرز

پولیس نے17 مفروروں سمیت 84 ملزمان کو گرفتار کیا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران108 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ، گولیاں اور منشیات برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کے ترجمان میجر سبطین کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں قیوم آباد ، بہادر آباد درویش کالونی ، کورنگی مہران ٹاؤن ، الفلاح رفاہ عام سوسائٹی، پی آئی بی پرانی سبزی منڈی ، اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید ، ناظم آباد چاؤلہ مارکیٹ اور اورنگی ٹاؤن شاہ ولی اﷲ نگر سمیت دیگر علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 10ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، گولیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیا، ترجمان کے مطابق شہر میں حالیہ فرقہ وارانہ قتل کی وارداتوں کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ہے اور اس میں ایک سیاسی جماعت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، شارع نورجہاں پولیس نے نصرت بھٹو کالونی سے مقابلے کے بعد ملزم عمران متین کو گرفتار کر کے نائن ایم ایم پستول برآمد کرلی۔

ملزم نے ساتھی کے ہمراہ جمشید کوارٹر میں خاتون بینک افسر سے20 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا اور جب وہ پیسے لینے گئے تھے تو پولیس کارروائی کے دوران ملزم فرار ہوگیا تھا جبکہ اس کا ساتھی پکڑا گیا تھا، پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیاتھا، ملزم پی آئی بی کالونی کا رہائشی اور خود کو سیاسی جماعت کا کارکن ظاہر کررہا ہے، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد انسداد بھتہ سیل کے حوالے کردیا گیا ہے،سندھ پولیس کے اعلامیے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں57 چھاپہ مار کارروائیوں میں17 مفرور و اشتہاریوں سمیت 84 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔




ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کا اسلحہ،گولیاں اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔دریں اثنا ابراہیم حیدری پولیس نے چشمہ گوٹھ میں 3 افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کرنے والے ملزم نبی شیر خان کو کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی میں چھاپہ مار کر گرفتار کے نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نبی شیر خان لانڈھی گینگ وار 22 خاندان کے سرغنہ حنیف عرف لالا کا دست رات تھا جو ان دنوں جیل میں ہے ، ملزم نے 2 جنوری کو ابراہیم حیدری چشمہ گوٹھ میں مخالف گروپ ظہیرہ کے 3 کارندوں حامد عرف موٹا ، عادل خٹک اور محمد اقبال عرف عطا اﷲ کو فائرنگ کر کے ہلاک جبکہ دلبر خان کو زخمی کردیا تھا ۔

جبکہ ملزم قتل کے مقدمات میں نامزد تھا،گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس اور رینجرز نے گلشن اقبال ، سہراب گوٹھ ، لانڈھی ، بلدیہ ٹاؤن اور منگھوپیر کنواری کالونی میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، حراست میں لیے جانے والوں میں 2 افراد کا تعلق ایک سیاسی تنظیم سے جن کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول بھی برآمد ہوا ہوا ہے ، رینجرز نے عزیز آباد مور پارک کے قریب ایک سیاسی تنظیم کے دفتر کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران 3 مشتبہ افرادکو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
Load Next Story