حلیم عادل کا فارم ہاؤس گرانے پر عبوری حکم امتناع جاری

آئندہ سماعت تک حکام کو کارروائی سے روک دیاگیا،چیف سیکریٹری ودیگر کو نوٹس

سپریم کورٹ فیصلے کا غلط مطلب نکال کر کارروائی کی گئی، وکیل درخواست گزار فوٹو: فائل

حلیم عادل شیخ کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا جب کہ سندھ ہائیکورٹ نے فارم ہاؤس گرانے پر عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری و دیگر فریقین کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیے۔

سندھ ہائیکورٹ میں ملیر میں حلیم عادل شیخ کے فارم ہاوسز کیخلاف کارروائی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزاروں کے وکیل خواجہ شمس الاسلام ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ حکومت نے انتقامی کارروائی کی، سپریم کورٹ فیصلے کا غلط مطلب نکال کر کارروائی کی گئی۔


عدالت نے فارم ہاؤس گرانے پر عبوری حکم امتناعی جاری کردیا،عدالت نے آئندہ سماعت تک متعلقہ حکام کو کارروائی کرنے سے روک دیا، عدالت نے چیف سیکرٹری و دیگر فریقین کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری کردیے۔

سماعت کے بعد حکیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انصاف کا نظام چل رہا ہو تو ملک چلتا ہے، عدالتیں چلتی ہیں، ہم قانون پسند ہیں ہمیشہ عدالتوں پر اعتماد کا اظہار کیا،سندھ میں13 سال سے ظلم اور ناانصافی کی حکومت ہے، چوری اور سینہ زوری کی حکومت ہے، کرپشن اور لوٹ مار کی حکومت ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پہلے بھی ان سے جھگڑا تھا مگر حق کی آواز بلند کرنے پر اصل بات شروع ہوئی۔
Load Next Story