قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کراچی وائٹس فتح کی دہلیز پر پہنچ گئی

بابر رحمان نے 6 وکٹیں لے کر بلوز کی اننگز 177 پر تمام کردی، پشاور نے اسلام آباد کو377 کا ہدف دے دیا

کامیابی کیلیے 143رنز کا ہدف پانے والی ٹیم نے بغیر کسی نقصان67 رنز بنالیے،فتح مزید76رنز کی دوری پر رہ گئی ہے۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی وائٹس کی ٹیم فتح کی دہلیز پر پہنچ گئی، رائٹ آرم میڈیم پیسر بابر رحمان نے6 وکٹیں لے کر بلوز کی دوسری اننگز 177 پر تمام کردی، کامیابی کیلیے 143رنز کا ہدف پانے والی ٹیم نے بغیر کسی نقصان67 رنز بنالیے،فتح مزید76رنز کی دوری پر رہ گئی ہے۔

پشاور نے دوسری اننگز 5 وکٹ 312 پرڈیکلیئر کرکے اسلام آباد کو کامیابی کیلیے 377 کا ہدف دیا، اسرار اللہ 138 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، انھوں نے پہلی باری میں بھی تھری فیگر اننگز سجائی تھی۔باٹم سکس مرحلے میں بہاولپور نے کوئٹہ کو مکمل طور پر گھیر لیا، پہلی اننگز میں204رنز بناکر فالوآن کا شکار ہونے والی ٹیم دوسری کاوش میں 88 پر3 وکٹیں گنوا چکی،حیدرآباد کیخلاف لاہور راوی کو بھی شکست کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلے میں بابر رحمان نے 6 وکٹیں لے کر کراچی بلوز کی دوسری اننگز177 پر تمام کردی،خرم شہزاد نے 2کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا، یاسر یاسین 43 اوراشرف علی41 رنز بناکر نمایاں رہے، پہلی باری میں 35رنز کی سبقت رکھنے والی وائٹس نے 143کے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا ، چوتھے دن کے اختتام پر ٹیم نے بغیرکسی نقصان کے67 رنز بنالیے،کامیابی کیلیے اسے اب مزید 76رنز درکار اور تمام وکٹیں باقی ہیں، اوپنرز دانیال منصور33 اور فضل سبحان30 رنزپر ناٹ آئوٹ رہے۔ پشاور نے دوسری اننگز 5 وکٹ 312 پرڈیکلیئرڈکرکے اسلام آباد کو کامیابی کیلیے 377 کا ہدف دیا، پہلی اننگز میں 148رنز بنانے والے اسرار الحق دوسری مرتبہ بھی اسلام آباد کے بولرز کیلیے وبال جان بنے رہے،انھوں نے 18چوکوں کی مدد سے 138رنز اسکور کیے، جمال الدین نے45رنز بنائے۔




مدثرعلی نے 3 اور حمزہ ندیم نے2 وکٹیں اپنے نام کیں، حریف ٹیم نے 7 اوورز کے ممکنہ کھیل میں بغیر کسی نقصان کے 34رنز جوڑ لیے۔راولپنڈی کیخلاف لاہور شالیمار نے 7 وکٹ پر 136رنز بناکر مجموعی سبقت 185رنز کرلی، ارسلان باجوہ65رنز کے ساتھ حریف بولرز کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، ناصر ملک نے 3 جبکہ حسیب اعظم اور اخترایوب نے 2،2 وکٹیں لیں، اس سے قبل حریف ٹیم پہلی اننگز میں 221رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

محمد عرفان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔ملتان نے سیالکوٹ کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 6 وکٹ پر 337رنز بنالیے، عبدالرحمان مزمل130 اور عامر یامین87رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، ان کے درمیان اب تک ساتویں وکٹ کیلیے 162 کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی، بلال آصف اور حسن علی کو 2،2 وکٹیں مل پائیں، سیالکوٹ نے 392 کا مجموعہ ترتیب دیا۔باٹم سکس مرحلے میں بہاولپور نے کوئٹہ کو مکمل طور پر گھیر لیا، پہلی اننگز میں204رنز بناکر فالوآن کا شکار ہونے والی ٹیم دوسری کاوش میں 88 پر3 وکٹیں گنوا چکی، اننگز کے خسارے سے باہر آنے کیلیے ابھی اسے مزید260 رنز درکار ہیں، کوئٹہ کیلیے پہلی اننگز میں تیمور علی نے 105 رنزبنائے جبکہ حریف بولرز وسیم مصطفیٰ نے4 اور عمران اللہ اسلم نے3 وکٹیں لیں۔حیدرآباد کیخلاف لاہور راوی کو بھی شکست کا سامنا ہے، 217 رنز کے خسارے میں جانے والی راوی نے 265 پر7 وکٹیں کھو دیں، برتری ابھی محض48رنز ہوپائی ہے، فرحان نذر57، وہاب ڈار43 اور کامران خلیل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، قبل ازیں حیدرآباد کی پہلی باری421 پر ہی تمام ہوگئی، آخری وکٹ اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر گرگئی۔
Load Next Story