پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ پی ٹی وی کیخلاف عمران فرحت اور رمیز کی سنچریاں

ناقابل شکست272 کی شراکت، حبیب بینک کے4 وکٹ پر 294رنز ،عمران نذیر نروس نائنٹیز کا شکار

ابتدائی دن پی ٹی وی کیخلاف حبیب بینک نے عمران فرحت اور رمیز عزیز کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹ پر294 اسکور بورڈ پر سجادیے۔فوٹو:فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں پی ٹی وی کیخلاف عمران فرحت اور رمیز عزیز نے سنچریاں جڑڈالیں، دونوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت حبیب بینک نے 4 وکٹ پر 294رنز بنالیے، عمران 160 جبکہ رمیز106پر ناٹ آئوٹ ہیں ، ان کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے اب تک 272 کی شراکت بن چکی، زرعی ترقیاتی بینک کے عمران نذیر نروس نائنٹیز کا شکار بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق نویں رائونڈ کے ابتدائی دن پی ٹی وی کیخلاف حبیب بینک نے عمران فرحت اور رمیز عزیز کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹ پر294 اسکور بورڈ پر سجادیے، اوپنر 160 جبکہ رمیز106 پر ناٹ آئوٹ ہیں، ان کے درمیان اب تک پانچویں وکٹ کیلیے 272 کی پارٹنر شپ بن چکی، رضوان اکبر اور محمد علی نے2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔نیشنل بینک نے زرعی ترقیاتی بینک کو 208 پر محدود کردیا، عمران نذیر نروس نائنٹیز کا شکار بنے، انھوں نے90 گیندوں پر 95رنز اسکورکیے، وہاب ریاض نے3 وکٹیں لیں، این بی پی نے جواب میں تین وکٹ پر 102رنز جوڑلیے، محمد نواز44رنز بناکر پویلین واپس ہوئے۔




جبکہ فواد عالم 30پر ناٹ آئوٹ ہیں۔یوبی ایل کیخلاف پی آئی اے نے 8 وکٹ پر 192رنز بنالیے، شہریارغنی80 کی اننگز کھیل کرمیدان بدر ہوئے، طاہر خان23 پر ناٹ آئوٹ ہیں، طارق ہارون نے 3 جبکہ آصف رضا اور کاشف بھٹی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا۔اسٹیٹ بینک سے میچ میں پورٹ قاسم کی ٹیم 189رنز پر آئوٹ ہوگئی، عاصم کمال70، تنویراحمد43 اور محمد سمیع37رنز بنانے میں کامیاب رہے، حریف ٹیم نے جوابی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے31رنز جوڑ لیے۔کے آر ایل سے مقابلے میں سوئی ناردرن گیس نے 8 وکٹ پر 256رنز بنالیے، علی وقاص43، سلیم مغل35، محمد رضوان30 اور عظیم گھمن27رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نیرعباس نے 3 اور نعمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔
Load Next Story