کراچی حصص مارکیٹ زبردست خریداری سے مزید 89 پوائنٹس کا اضافہ

انرجی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس سیکٹرزتوجہ کامرکز،انڈیکس 26259 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پرآگیا

مارکیٹ سرمایہ بھی28ارب41کروڑ روپے بڑھ کرریکارڈ63 کھرب40ارب ہو گیا،33کروڑسے زائدحصص کے سودے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

سرمایہ کاروں کی جانب سے انرجی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 89 پوائنٹس اضافے کے بعد26259پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمائے میں 28ارب41کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم ریکارڈ 63 کھرب 40 ارب روپے کی سطح سے زائد رہا، سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 19 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 33 کروڑ 63 لاکھ 66 ہزار 890 حصص کا کاروبارہوا، منگل کو 401 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 215 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 172 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔




مارکیٹ ذرائع کے مطابق نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کے باعث مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے، سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص سیکٹرز میں سرمایہ کاری مارکیٹ میں تیزی کا سبب بن رہی ہے، کاروبار کے اختتام پر 89.74 پوائنٹس کے اضافے سے 26259.57 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 46.77پوائنٹس بڑھ کر 19437 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 89.84 پوائنٹس کے اضافے سے 19545.40 پوائنٹس پر بند ہوا، گزشتہ روز آئل اینڈ گیس انڈیکس میں 2 پوائنٹس کا اضافہ جبکہ بینکنگ انڈیکس میں نصف پوائنٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، نیسلے اور کولگیٹ پامو لیو کے حصص کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں نیسلے کے حصص کی قیمت361.05روپے اضافے سے 9259.80اور کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت 41.60 روپے اضافے سے 1675روپے رہی جبکہ باٹا کے حصص کی قیمت50.40روپے کمی سے 3049.60روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمت39روپے کمی سے 761روپے رہی، سودوں کے حوالے سے سب سے زیادہ کام کے ای ایس سی، پی آئی اے سی (اے)، اینگروپولیمر، لافریج پاک، فوجی سیمنٹ میں ہوا۔
Load Next Story