پریذیڈنٹ ٹرافی عمران فرحت نے ٹرپل سنچری داغ دی

حبیب بینک نے پی ٹی وی کو رنز کے انبارتلے دبادیا،اننگز 599 پر ڈیکلیئرڈ، سوئی ناردرن کے یاسر شاہ کی5 وکٹیں

عمران فرحت نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری بنائی، ٹیسٹ اسٹار417 گیندوں پر 300 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ فوٹو: فائل

SIALKOT:
پریذیڈنٹ ٹرافی میں حبیب بینک نے پی ٹی وی کو رنز کے انبارتلے دبادیا، ٹیم نے پہلی اننگز7 وکٹ پر 599 پر ڈیکلیئرڈ کی۔

عمران فرحت نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری داغ دی، رمیز عزیز بھی تھری فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، نیشنل بینک کے فواد عالم اور اسٹیٹ بینک کے عثمان ارشد نروس نائنٹیز کا شکار بنے، کے آر ایل کیخلاف سوئی ناردرن کے یاسر شاہ 5 وکٹیں لے اڑے۔تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں نویں رائونڈ کے دوسرے دن حبیب بینک نے پی ٹی وی کو رنز کے انبار تلے دبادیا، ٹیم نے اننگز 7 وکٹ 599 پر ڈیکلیئرڈ کی، عمران فرحت نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری بنائی، ٹیسٹ اسٹار417 گیندوں پر 300 رنز بنانے میں کامیاب رہے، رمیز عزیز کی اننگز152 پر تمام ہوئی، عمران اور ان کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے363 کی شراکت بنی، ہمایوں فرحت 73رنز کے ساتھ نمایاں رہے، فہد مسعود نے34 رنزاسکورکیے، محمد علی نے3 جبکہ رضوان اکبر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،سرکاری ٹی وی نے جوابی اننگز میں 65 پر 6 وکٹیں گنوا دیں، احسان عادل نے 3 اور فہد مقصود نے2 پلیئرزکوپویلین کی راہ دکھائی۔




نیشنل بینک کیخلاف117رنز کا خسارہ پانے والی زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم نے ایک وکٹ پر 33رنز بنالیے، حریف ٹیم کا حساب بے باق کرنے کیلیے اسے ابھی مزید 84رنز درکار ہیں، اس سے قبل این بی پی کی سائیڈ پہلی باری میں 325رنز بنانے میں کامیاب رہی، فواد عالم 91، رضا حسن 50 ، کامران اکمل46 اور محمد نواز44رنز کے ساتھ نمایاں رہے، زوہیب نے 3 وکٹیں لیں۔پی آئی اے کے 242رنز کے جواب میں یوبی ایل نے 7 وکٹ پر 214رنز جوڑ لیے، سعید بن ناصر77رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، طاہر خان نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں،ایئرلائنز کی 2اختتامی وکٹیں گذشتہ دن کے اسکور میں 50رنز کا اضافہ ممکن بناسکیں، طاہر خان نے 53کی اننگز کھیلی۔125رنز کے گھاٹے میں جانے والی پورٹ قاسم کی ٹیم نے دوسری باری میں بغیر کسی نقصان 13رنز بنالیے، اسٹیٹ بینک نے پہلی باری میں314رنز بناکر برتری حاصل کی، عثمان ارشد91 اور محمد سعد کے56 رنزاہم رہے، عبدالرئوف اور سہیل خان نے3،3 کھلاڑیوں پرغلبہ پایا۔سوئی ناردرن کے 278رنز پر کے آر ایل نے 6 وکٹ پر 202رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، سعید انور جونیئر80 پر ناٹ آئوٹ ہیں، یاسر شاہ نے5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
Load Next Story