شریف برادران زرداری کی پچ پر نہ کھیلیں شیخ رشید

اصل ایشو مشرف کا کیس نہیں پاکستان میں اور بھی بہت سے اہم مسائل حل طلب ہیں

اگر نوازشریف انتقام انتقام کھیل رہے ہیں توپھر وہ پھنس چکے ہیں، پروگرام ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کا اصل ایشو پرویزمشرف کا کیس نہیں ہے پاکستان میں اور بھی بہت سے اہم مسائل ہیں جو حل طلب ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ پرویزمشرف کا معاملہ میاں نوازشریف کے ساتھ خود آبیل مجھے مار والی بات ہوئی ہے سترسالہ سابق صدر کی کوئی سیاسی گرپ نہیں تھی اگر وہ پاکستان سے چلا بھی جاتا ہے تو کوئی قیامت نہیں آتی۔ایک بہت اہم بات یہ ہے کہ جب مشرف کی گاڑی عدالت کی طرف جانے کی بجائے ہسپتال کی طرف مڑی ہے تو اس میں وزارت داخلہ کی مرضی شامل تھی ۔اس وقت ساری فوج مشرف کے ساتھ کھڑی ہے وہ پرویزمشرف کی وطن واپسی کے حق میں نہیں تھے فارمیشن کمانڈرز اور کورکمانڈرز کی میٹنگ میں مشرف کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔مشرف دل کی بیماری میں مبتلا ہیں سب کو خدا سے خیر مانگنی چاہئے میرے سمیت پاکستان کی ساری قیادت دل کے کلب کے ممبر ہیں۔اگر نوازشریف انتقام انتقام کھیل رہے ہیں توپھر وہ پھنس چکے ہیں ۔




خدا کے لئے سمجھنے کی کوشش کریں یہ سارے لوگ گنگا میں نہائے ہوئے نہیں ہیں معاملات بہت خراب ہے پورے خطے کی صورتحال دیکھیں مئی اپریل بہت حساس مہینے ہیں افغانستان میں بھارت الیکشن ہورہے ہیں بنگلہ دیشں کا حال سب کے سامنے ہے ۔پیپلزپارٹی کا ایجنڈہ یہی ہے کہ وہ نوازشریف کو فوج کے ساتھ لڑوا دیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ جس طرح پیپلزپارٹی کے ساتھ ہوا ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو ۔ شریف برادران سادہ سیاستدان ہیں اور زرداری بہت گہری سیاست کررہا ہے۔میںدونوں بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ مشرف کے معاملے کو جلد از جلد حل کریں یہی بہتر ہے اور زرداری کی پچ پر نہ کھیلیں کیونکہ پیپلزپارٹی ختم ہوچکی ہے ان کے پاس اس کے سوا اور کچھ نہیں ہے کہ وہ نوازشریف کو فوج سے لڑوا کر زخمی کروادیں ۔کہا جاتا تھا کہ بھٹو کو پھانسی ہوئی تو پہاڑ روئیں گے کچھ بھی نہیں ہوا ۔

امریکا چین یواے ای بھی کہہ چکے ہیں کہ مشرف کے ساتھ کوئی زیادتی نہ کی جائے ۔مجھے یقین ہے کہ مشرف کے مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا اور یہ ہی ملک حکومت اور جمہوریت کے لئے بہتر ہے۔جیوڈیشری اپنا کھیل کھیل چکی ہے اس ملک کے اور بھی بہت سے مسائل ہیںصرف مشرف ہی ایک مسئلہ نہیں ہے۔ مارچ تک برف ڈھل جائیگی طالبان کی طرف سے خدانخواستہ اس ملک میں کوئی بڑا سانحہ ہوسکتا ہے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کسی کو کچھ پتہ نہیں کہ کیا کرنا ہے۔آج مہنگائی اتنی ہوگئی ہے کہ لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ گھر میں کھانا پکائیں یا بازار سے لے آئیں۔آج مرنیوالے کو بیس سے پچیس ہزار روپے درکار ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لوگ بیمار ہوگئے ہیں ۔ پاکستان میں بہت سے قابل اور سمجھدار لوگ موجود ہیں لیکن حکومت بارہ یا تیرہ لوگ چلا رہے ہیں۔
Load Next Story