حلقہ بندی چیلنج کرنیوالے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کے ذمے دار ہیںقائم علی شاہ

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کامستقبل عدالتی فیصلے سے وابستہ ہے،حکومت سندھ تیارہے،مشرف دورکی حلقہ بندیاں ختم ہوچکیں

ماں ماں ہوتی ہے،ماں ون ٹونہیں ہوتی،سندھ کی تقسیم کاسوچنے والے اس کاخیال دل سے نکال دیں،سید قائم علی شاہ۔فوٹو:آن لائن

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہاہے کہ حلقہ بندیوں کامعاملہ عدالت میں لے جانے والے بلدیاتی انتخابات کے التوااورتاخیر کے ذمے دارہیں،دراصل یہی لوگ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں دلچسپی نہیں رکھتے،سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا مستقبل عدالتی فیصلے سے وابستہ ہے۔

حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کیلیے تیارہے،ماں ماں ہوتی ہے،ماں ون ٹونہیں ہوتی،سندھ کی تقسیم کاسوچنے والے اس کاخیال دل سے نکال دیں،سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوسکتا سندھ دھرتی ہمیشہ ایک رہے گی۔نیو سندھ سیکریٹریٹ میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیراہتمام نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکاسے خطاب اورمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے،ہم بھی عدالت میںگئے ہوئے ہیں،عدالتی فیصلے کاانتظارہے،بلدیاتی انتخابات کامستقبل عدالتی فیصلے سے وابستہ ہے،2001 مشرف دورمیں سندھ میںکی جانے والی حلقہ بندیاں ختم ہوچکی ہیں،2013 میں جوحلقہ بندیاں کی گئی ہیں وہ سندھ اسمبلی میں منظورکیے گئے بلدیاتی قانون کی روشنی میں کی گئیں۔




قبل ازیں''نیشنل سیکیوریٹی ورکشاپ ''سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوروں،ٹارگٹ کلرزاوردہشت گردوں کی خلاف جاری ٹارگٹڈآپریشن کے غیرمعمولی نتائج حاصل ہوئے ہیں اورجلدہی شہر کو جرائم سے پاک کیاجائے گا،کسی بھی قوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے پرامن فضاناگزیرہے اس لیے حکومت سندھ کی عوام کی جان ومال،سرکاری ونجی املاک،ہرادارے اورفردکی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے،وزیراعلیٰ سندھ نے پیپلزپارٹی کی گزشتہ5سالہ دورحکومت کی کارکردگی پربھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ سینئرصوبائی وزیرنثار کھوڑو ،وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر مندھرو،چیف سیکریٹری سندھ سجادسلیم ہوتیانہ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ممتازعلی شاہ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات عارف احمدخان،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، آزاد کشمیر،سول سوسائٹی کے نمائندوں اوردیگرمحکموں کے اعلیٰ حکام نے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ میں شرکت کی اور بحث مباحثے میں حصہ لیا۔
Load Next Story