بھارت میں ہی بھارتی ٹیم کی میزبانی نرالی پاکستانی خواہش ظاہر

وزیراعظم کے خصوصی ایلچی شہریارخان نے صدر بی سی سی آئی سے ملاقات میں معاملہ اٹھایا،سری نواسن کا وعدے سے گریز

آئی پی ایل پرکوئی بات نہیں ہوئی، ملٹی ملین ڈالر لیگ کے دروازے بدستور پاکستانی کھلاڑیوں پر بند رہنے کا امکان فوٹو:فائل

پاکستان نے بھارت میں ہی بھارتی ٹیم کا میزبان بننے کی نرالی خواہش پھر ظاہر کردی، وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی ایلچی شہریار خان نے بھارتی بورڈ کے صدر این سری نواسن سے ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا۔

بی سی سی آئی نے کوئی بھی وعدہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے مناسب وقت پر درخواست کے جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی، آئی پی ایل پر کوئی بات نہیں ہوئی، ملٹی ملین ڈالر لیگ کے دروازے بدستور پاکستانی پلیئرز پر بند رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے خصوصی ایلچی اور پی سی بی کے سابق صدر شہریار خان ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں،وہاں انھوں نے گذشتہ روز کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن سے ملاقات کی ، بھارتی میڈیا کے مطابق شہریار خان نے سری نواسن سے رواں برس پاکستانی ٹیم سے سیریز کیلیے درخواست کی۔ ذرائع کے حوالے سے کہا گیاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت میں ہی بھارتی ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کھیلنا چاہتا ہے۔




بی سی سی آئی کی جانب سے شہریار خان سے اس سے سلسلے میں کوئی وعدہ تو نہیں کیا گیا، البتہ یہ یقین دہانی ضرور کرائی گئی کہ مناسب وقت پر ان کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔ پی سی بی نے گذشتہ برس بھی ایسی ہی ایک درخواست کی تھی جس کے جواب میں ایک مختصر سیریز کا اہتمام کیا گیا تھا، جس سے حاصل ہونے والی کروڑوں ڈالر کی آمدنی میں سے بھارت نے پاکستان کو کوئی حصہ نہیں دیا، اب پی سی بی جوابی سیریز کھیل کر اپنے مالی مسائل دور کرنا چاہتا ہے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری نواسن اور شہریار خان کے درمیان رسمی بات چیت ہوئی، کسی معاملے کو حتمی شکل نہیں دی گئی بلکہ بی سی سی آئی نے یہ درخواست نوٹ کرلی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ اس ملاقات میں آئی پی ایل میں پاکستانی پلیئرز کی شرکت کا معاملہ نہیں اٹھایا گیا، اس لیے رواں برس بھی لیگ کے دروازے پاکستان پر بند ہی رہنے کا قوی امکان ہے۔
Load Next Story