اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کے آرڈیننس کی مخالفت کریں گے رضا ربانی

اس آرڈیننس کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک کو اتنے اختیارات مل جائیں گے کہ وہ کسی کو بھی جواب دینے کا پابند نہیں ہوگا

اس آرڈیننس کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک کو اتنے اختیارات مل جائیں گے کہ وہ کسی کو بھی جواب دینے کا پابند نہیں ہوگا (فوٹو: فائل)

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ میں نے ایسا ملک کہیں نہیں دیکھا جہاں سب کچھ آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا گیا ہو، اسٹیٹ بینک سے متعلق جب بل پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس کی مخالفت کریں گے۔

وہ ہفتہ کو کراچی لٹریچر فیسٹیول میں بچوں کے لیے لکھے گئے اپنے ناول The smile snatchers کی تقریب رونمائی سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ مختلف سیاسی جماعتوں کا مجموعہ ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرگیا، پچھلے چند دنوں کے سیاسی واقعات بہت بدقسمت ہیں لیکن میں پھر بھی مایوس نہیں ہوں، پیپلز پارٹی کا پہلے بھی اپنا الگ موقف تھا۔

رضا ربانی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق آرڈی ننس کی مخالفت کریں گے، اس آرڈی ننس کے توسط سے حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک کو اتنے اختیارات دیے ہیں کہ اب وہ کسی کو بھی جواب دینے کا پابند نہیں ہوگا، اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پارلیمنٹ میں آیا تو اس کی مخالفت کی جائے گی۔


انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا ملک کہیں نہیں دیکھا جہاں سب کچھ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا جائے، ہم ملکی خود مختاری کو داؤ پر نہیں لگنے دیں گے، حکومت احتساب کی بات کرتی ہے لیکن اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے آگے گروی رکھا جارہا ہے، ہم حکومت کے ان غیر جہموری اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

قبل ازیں رضا ربانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی کی شہادت کے بعد میرے اندر کا سیاست دان دم توڑ گیا تھا، پھر میں نے کتاب لکھنا شروع کی، مختصر کہانیاں اور کئی کتابیں لکھیں، یہ کتاب بچھڑی ہوئی مسکراہٹیں اور آرٹ کی طاقت کے حوالے سے ہے، یہ کتاب ایک ایسے اسٹرگلنگ آرٹسٹ کے حوالے سے ہے جس کی زندگی میں بہت سے حیران کن واقعات رونما ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں ان بچوں کے بارے میں بھی لکھا گیا جو متنازع علاقوں میں کسی حادثے کے باعث متاثر ہونے سے ان کی خوشیاں چھن گئیں، اس کتاب کے کردار آرٹسٹ ظہیر کو بچوں کی مسکراہٹ بہت بھاتی ہیں اور دنیا بھر سے متاثرہ بچے اس کے خواب میں آنا شروع ہوجاتے ہیں۔

رضا ربانی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں آج کل دنیا کے اندر بچوں کی مسکراہٹ کو چھینا جارہا ہے، دیگر مسائل سامنے آتے رہتے ہیں لیکن بچوں کی خوشیاں چھینی جارہی ہیں، جس سے پوری دنیا میں اثرات مرتب ہورہے ہیں، ہمیں بچوں کی خوشیوں کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
Load Next Story