شہری12ربیع الاول کو جلوس میں خواتین اور بچوں کو نہ لائیں جماعت اہلسنت

مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے برآمد ہوگا،شاہ تراب الحق کی پریس کانفرنس

علامہ شاہ تراب الحق قادری اور دیگر علما 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی تفصیلات بتا رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ محسن انسانیت کا جشن ولادت 12ربیع الاول کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شایان شان طریقے سے منایا جائیگا ۔

12ربیع الاول کو مرکزی جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علما و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا،جو ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشترپارک پہنچے گاجہاں عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، 12ربیع الاول کو کراچی میں چند حساس مقامات پر جلوسوں پر حملوں کا شدید خدشہ ہے ،حکومت فوری طور پر جلوسوں اور مرکزی کانفرنس کی سیکیورٹی کیلیے تحفظ کے مکمل انتظامات کرے، عاشقان مصطفی سے اپیل کرتے ہیں کہ 12ربیع الاول کو جلوس میں خواتین اور بچوں کو نہ لائیں ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو جماعت اہلسنت کے دفتر میں سالانہ ظہرانے پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔




انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت کئی بحرانوں کا شکار ہے، تمام داخلی اور خارجی محاذوں پر سنگین مسائل کا سامنا ہے ، تجارت ،صنعت اور کھیل سمیت تمام ادارے کرپشن اور بدعنوانیوں کے دلدل میں ڈوب چکے ہیں، ریاست اور ملک بچانے کیلیے نہ کسی جماعت ،نہ کسی شخصیت اور نہ کسی انقلاب کی ضرورت ہے بلکہ اس وطن اور عوام کو صرف اور صرف نظام مصطفی کے نفاذ کی ضرورت ہے ، 11ربیع الاول کو بھی ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔
Load Next Story