پچ کی بے وفائی نے بولنگ کوچ کو رنجیدہ کر دیا

وکٹ نے سعید کوغیرموثر بنادیا (اکرم) اننگز بیٹی اور بیوی کے نام کرتا ہوں، جے وردنے

انجیکشن لگوانے کے ساتھ درد کی شدت کم کرنے کیلیے مرہم کا بھی سہارا لیا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم کو دبئی میں پچ کی بے وفائی نے رنجیدہ کر دیا،ان کا کہنا ہے کہ ناسازگار وکٹ نے اسٹار اسپنر سعید اجمل کو غیر موثر بنا دیا۔

دوسری جانب سری لنکن اسٹار مہیلا جے وردنے نے کہا کہ زخمی ہونے کے بعد بیٹنگ میں مشکلات کے باوجود سنچری بنانے میں کامیاب ہوا،یادگار اننگز اپنی نومولود بیٹی اور بیوی کے نام کرتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی بولنگ کوچ محمد اکرم نے میڈیا سے بات چیت میںکہاکہ پچ نے اسٹار سپنر سعید اجمل کا حریف پر دبدبہ برقرار نہیں رہنے دیا، یہ میچ کے پہلے روز کی بانسبت بہت مختلف تھی، بولرز نے جے وردنے کو آئوٹ کرنے کیلیے ہر حربہ آزمایا لیکن کامیابی نہ حاصل ہوسکی، انھوں نے زخمی ہونے کے باوجود پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھتے ہوئے بہترین اننگز کھیلی، ایک بار ان کا بیٹ چل پڑے تو روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔




مہیلا جے وردنے نے کہا کہ لوگ ہماری ناکامیوں کو ذہن میں رکھتے ہیں،انھیں دیکھنا چاہیے کہ ایک سال میں ہمیں زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کو نہیں مل سکی،ابوظبی میں بلاول بھٹی کی دونوں اننگز میں شاندار گیندوں نے میری اننگز تمام کی، خوش قسمتی سے کپتان انجیلو میتھیوز عام لوگوں کی طرح نہیں سوچتے، انھوں نے حوصلہ بڑھایا۔ جے وردنے نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ میں ایک پلان کے ساتھ بیٹنگ کیلیے آیا تھا تاہم انجری کی وجہ سے اس میں کچھ تبدیلی کرنا پڑی،انجیکشن لگوانے کے ساتھ درد کی شدت کم کرنے کیلیے ایک مرہم کا بھی سہارا لیا،تھوڑے وقفے کے بعد تکلیف بڑھ جاتی تھی لیکن میں ثابت قدم رہا،یادگار اننگز اپنی بیٹی اور بیوی کے نام کرتا ہوں۔ طویل وقفے کے بعد بڑی اننگز کھیلنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ 16 سالہ کیریئر میں ہر بار توقعات کا بوجھ لے کر ہی بیٹنگ کرنا پڑی، میری پوری کوشش رہی کہ پرفارمنس ٹیم کے کام آئے، اسی میں اپنی کامیابی سمجھتا ہوں۔ جے وردنے نے کہا کہ کوشل سلوا کے سنچری مکمل نہ کرنے پر مایوسی ہوئی،خوش آئند بات یہ ہے کہ پریشر میں عمدہ کھیل سے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
Load Next Story