پریمیئر فٹبالکے آرایل کے صدام حسین کی ہیٹ ٹرک

بلوچ ایف سی کو 4-0 سے مات،لائل پور کیخلاف نیوی کو ناکامی سے بلال نے بچا لیا

ریلوے فٹبال اسٹیڈیم لاہور میں کے آرایل کے فارورڈز نے آغاز سے ہی گرفت مضبوط کرلی ۔ فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال پریمیئر لیگ میں کے آر ایل نے صدام حسین کی ہیٹ ٹرک سے تقویت پاتے ہوئے بلوچ ایف سی کو4-0 سے زیر کرلیا، لائل پور ایف سی کیخلاف بلال کے آخری لمحات میں گول نے نیوی کو ناکامی سے بچالیا۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے فٹبال اسٹیڈیم لاہور میں کے آرایل کے فارورڈز نے آغاز سے ہی گرفت مضبوط کرلی اور مسلسل حملوں سے حریف دفاع کومشکلات سے دوچار کیے رکھا،کئی ناکا م کوششوں کے بعد33 ویں منٹ میں صدام حسین نے ٹیم کا کھاتہ کھول دیا، 58 ویں منٹ میں ان کی ایک اور کوشش کارآمد ثابت ہوئے، اسی دوران 67 ویں منٹ میں شاہد نے بھی گول داغتے ہوئے کے آرایل کو 3-0 کی برتری دلادی،75 ویں منٹ میں صدام حسین نے گیندکو جال کی راہ دکھا کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، بعدازاں خسارے کو کم کرنے کیلیے بلوچ ایف سی کے کھلاڑیوں کی بے جان کوششوں سے کچھ حاصل نہ ہوسکا اور اسی اسکور پر مقابلہ اختتام کو پہنچا۔




فیصل ٹائون گرائونڈ لاہور میں جاری ایونٹ کے 195 ویں میچ میں لائل پور ایف سی کیخلاف 1-0 کے خسارے میں جانے والی نیوی کی ٹیم کو بلال کے آخری لمحات میں گول نے شکست سے بچا لیا، دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے کا میچ ہوا، پہلے ہاف تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا، 66 ویں منٹ میں لائل پور کے حیدر علی نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلادی، نیوی کے فارورڈز نے مقابلہ برابر کرنے کیلیے تابڑتوڑ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا لیکن حریف ڈیفینڈرز دیوار بنے رہے۔ مقررہ وقت ختم ہونے سے چند سیکنڈز قبل بلال نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو خفت سے بچا لیا۔ ایونٹ میں جمعے کو تین میچز کھیلے جائیں گے، واپڈا اور پی آئی اے کی ٹیمیں ریلوے اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہونگی، کے پی ٹی اور پاکا کا میچ ماڈل ٹائون اکیڈمی گرائونڈ پر ہوگا، پی اے ایف اور نیشنل بینک بیٹل ایکس اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگے۔
Load Next Story