چوہدری اسلم جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں دانیال عزیز

طالبان ہمارے ہیروز کو مار رہے ہیں،وزیرداخلہ کا کوئی پتہ نہیں،شہلا، بات سے بات میں گفتگو

طالبان ہمارے ہیروز کو مار رہے ہیں،وزیرداخلہ کا کوئی پتہ نہیں،شہلا، بات سے بات میں گفتگو. فوٹو: فائل

KARACHI:
ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ دہشتگردی کوئی چھوٹا معاملہ نہیں، معاملات میں درستی کی ضرورت ہے لیکن ہمیں مل کر ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنا ہو گا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''بات سے بات'' میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار خان سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ چوہدری اسلم جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ہمیں ثابت قدمی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، حکومت کے مختلف گروپوں سے رابطے ہیں میں قبل ازوقت کچھ بتانا نہیں چاہتا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ حکومت محسود کی موت پر تو جیسے یتیم ہو گئی تھی مگر چوہدری اسلم کی ہلاکت پر وزیرداخلہ کا کوئی پتہ ہی نہیں ہے، مذاکرات ضرور کریں لیکن ان کا کوئی لیول بھی تو ہوتا ہے، پنجاب میں حالات ٹھیک ہیں اور بس حکومت چپ ہے، طالبان چن چن کر ہمارے ہیروز کو مار رہے ہیں۔




پی ٹی آئی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی کوئی واضح پالیسی دینے میں ناکام رہی ہے۔ ایئرمارشل(ر) شاہد لطیف نے کہا کہ اسلم چوہدری بہادر پولیس افسر تھا، اندر کے لوگوں کو اطلاع تھی کہ آج ان کے پاس بم پروف کے بجائے بلٹ پروف گاڑی ہے، اے پی سی میں جو کمی رہ گئی اسے دور کرنا چاہیے، ٹائم لائن طے کرنا چاہیے، دوسرے فریق کو حملہ نہ کرنے کا پابند بنانا چاہیے، بحیثیت قوم ہماری بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم سارے ایک پیج پر نہیں ہیں۔
Load Next Story