ورلڈ ہاکی لیگ ارجنٹائن نے دوسرا بڑا اپ سیٹ کردیا

میزبان بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈکے سامنے 3-1 سے پسپا ہوکر مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا کیا.

۔انگلینڈ کے ہاتھوں ورلڈ چیمپئن جرمنی کو 2-1کی خفت سے دوچار ہونا پڑا،۔ فوٹو: فائل

لاہور:
ورلڈ ہاکی لیگ فائنلزمیں ارجنٹائن نے ایک اور اپ سیٹ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 5 ویں نمبر پر موجود بیلجیئم کو3-2 سے شکست دے دی۔انگلینڈ کے ہاتھوں ورلڈ چیمپئن جرمنی کو 2-1کی خفت سے دوچار ہونا پڑا، نیدر لینڈز نے ابتدائی میچ میں ناکامی کا غصہ آسٹریلیا پر نکال لیا۔ میزبان بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈکے سامنے 3-1 سے پسپا ہوکر مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا کیا۔

تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں جاری ایونٹ کے دوسرے روز عالمی رینکنگ میں 11 ویں پوزیشن پر موجود ارجنٹائن نے 6 درجے بہتر بیلجیئم کو 3-2 سے شکست دے کر ایونٹ کا دوسرا اپ سیٹ کردیا، گذشتہ روز نیدرلینڈ کو حیران کن طور پر مات دینے والے اسکواڈ نے بیلجیئم کیخلاف پانچویں منٹ میں برتری حاصل کرنے کا موقع گنوایا، یورپی سائیڈ نے ایک منٹ بعد ٹوم بون کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی،5 منٹ بعد ارجنٹائن کے پیڈرو آبارا نے گیند کو جال میں پہنچا دیا، پہلا ہاف ختم ہونے سے ایک منٹ قبل ٹوم بون نے ایک اور گول داغ کر بیلجیئم کو2-1 کی برتری دلادی، ارجنٹائنی فارورڈز نے مقابلہ برابر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور 50 ویں منٹ میں ماٹیاس پارڈیس نے ایسا کردکھایا۔




61 ویں منٹ میں کالیونی نے پین امریکی سائیڈ کو میچ میں پہلی بار برتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے کم بیک کرتے ہوئے اولمپک چیمپئن آسٹریلیا کو ایک گول سے زیر کر لیا،دونوں سائیڈز کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا، میچ کا واحد گول 38 ویں منٹ میں بیلی بیکر نے کیا۔ تیسرے مقابلے میں انگلینڈ نے ورلڈ چیمپئن جرمنی کو 2-1 سے قابو کرتے ہوئے اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ فاتح سائیڈ کی جانب سے کو ٹوم کارسون اور ایشلے جیکسن نے گول کیے، واحد جرمن گول مارکو میلٹکائو نے داغا۔ ہفتے کو آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 3-1 سے ہرایا، میزبان سائیڈ کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری ناکامی ہے ، فاتح ٹیم کی جانب سے اسٹیفن جینس نے 2 اورمیکالیسی نے ایک گول کیا۔ ناکام ٹیم کا واحد گول مندیپ سنگھ نے بنایا۔
Load Next Story