ورلڈ کپ 2015 آخری 2 نشستوں کے لئے جنگ کا کل آغاز

نیوزی لینڈ میں20 روز تک جاری رہنے والے کوالیفائر ایونٹ میں آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر ممالک کی10 ٹیمیں شریک ہیں

آئی سی سی ٹرافی کے نام سے کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 5،5 کے2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، فوٹو: اے ایف پی/فائل

کرکٹ ورلڈ کپ2015 کی آخری2 نشستوں کیلیے جنگ پیر سے شروع ہوگی۔

نیوزی لینڈ کے7مختلف مقامات پر20 روز تک جاری رہنے والے کوالیفائر ایونٹ میں آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر ممالک کی10 ٹیمیں شریک ہیں، فیصلہ کن معرکہ یکم فروری کو لنکولین میں شیڈول ہے۔آئی سی سی ٹرافی کے نام سے کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 5،5 کے2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،اے میں ٹاپ رینک یواے ای کے ساتھ اسکاٹ لینڈ،کینیڈا، ہانگ کانگ اور نیپال شامل ہیں،گروپ بی میں نیدر لینڈز، کینیا، نمیبیا، پاپوا نیوگنی اور یوگینڈا کو رکھا گیا ہے، دونوں گروپس کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کیلیے کوالیفائی کریں گی،جہاں ان کا مقابلہ مخالف گروپ کی سائیڈز سے ہوگا، سپرسکس کی 2 بہترین ٹیموں کے مابین یکم فروری کو فائنل کھیلا جائیگا۔




ایونٹ کی فاتح سائیڈ ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے پہلے سے گروپ اے میں موجود میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے ساتھ افغانستان، بنگلہ دیش،انگلینڈ و سری لنکا کو جوائن کرے گی، رنرز اپ سائیڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل ہوگی۔ کوالیفائرکے افتتاحی روز پیر کو چار میچز کھیلے جائیں گے، پہلا مقابلہ یو اے ای اور نیپال کے مابین رنگیورا اوول کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے،نیدر لینڈ کی ٹیم یوگینڈا سے بے اوول ٹائورنگا کے میدان پر مقابلہ کرے گی،کینیا اور پاپوانیو گنی کا سامنا پوکیکورا پارک میں ہوگا۔ چوتھا میچ اسکاٹ لینڈ اور ہانگ کانگ کے مابین کوئنز ٹائون میں ہونا ہے۔ایونٹ کے تمام میچز کیلیے ایک ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔گروپ مرحلے میں یواے ای کو اے ون، اسکاٹ لینڈ ٹو، کینیڈا تھری جبکہ نیدرلینڈ بی ون، کینیا ٹو، نمیبیا تھری رینک ٹیم ہے، اگر ان میں سے کوئی بھی ٹیم سپر سکس کیلیے کوالیفائی نہیں کر پاتی تو ان کی جگہ لینے والی لو رینک ٹیم کو اس رائونڈ میں باہر ہونے والی سائیڈکی سیڈنگ مل جائے گی۔
Load Next Story