جامعہ کراچی ایوننگ پروگرام کے رجحان ٹیسٹ میں3148 طلبا کی شرکت

6طلبا کو دوسروں کی جگہ امتحان دینے کی پاداش میں رینجرز کے حوالے کردیا گیا

کمپیوٹر سائنس (بی ایس ایس ای/ بی ایس سی ایس) کی220 نشستوں کیلیے2200 فارم جاری کیے گئے ۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی میں ایوننگ پروگرام میں داخلے کے لیے کمپیوٹر سائنس (بی ایس ایس ای/ بی ایس سی ایس)، بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) اور اپلائیڈ فزکس (بی ایس سی آنرز) کا ''رجحان ٹیسٹ'' منعقد ہوا جس میں 3148 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

کمپیوٹر سائنس (بی ایس ایس ای/ بی ایس سی ایس) کی220 نشستوں کیلیے2200 فارم جاری کیے گئے جبکہ 2038 طلبا نے ٹیسٹ میں شرکت کی، بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کی50 نشستوں کے لیے550 فارم جاری کیے گئے جبکہ490 طلبا نے امتحان میں شرکت کی اور اپلائیڈ فزکس (بی ایس سی آنرز)کی40 نشستوں کے لیے 780 فارم جاری کیے گئے جبکہ620 طلبا ٹیسٹ میں شریک ہوئے، ڈین مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز و ڈائریکٹر داخلہ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، پروفیسر ڈاکٹر انصر رضوی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن ذکی، ڈاکٹر شبیب الحسن اور انچارج کمپیوٹر سائنس بدر سمیع اپنی ٹیم کے ساتھ مانیٹرنگ کرتے رہے۔




مانیٹرنگ کمیٹی نے6 طالبعلموں کو دوسرے کی جگہ امتحان دینے کی پاداش میں انضباطی کارروائی کے لیے رینجرز کے حوالے کردیا، شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی ہدایت پر مانیٹرنگ ٹیم نے تعلیمی نظم وضبط اور ڈسپلن پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا، کمرہ امتحان کے اردگرد غیر متعلقہ افراد کا آنا جانا ممنوع تھا کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل افسران بمعہ ایمبولینس موجود تھے جبکہ رینجرز اور کیمپس سیکورٹی (واچ اینڈ وارڈ) کا عملہ خصوصی طور پر تعینات کیا گیا تھا، واضح رہے کہ کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست16جنوری کو جاری کی جائے گی۔
Load Next Story