ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کولمبو میں بھارتی بکیزکی خفیہ میٹنگ کا انکشاف

اجلاس سے آگاہ ہیں، سٹے بازایونٹ کوداغدارکرنے کیلیے پورا زور لگائینگے، آئی سی سی

اجلاس سے آگاہ ہیں، سٹے بازایونٹ کوداغدارکرنے کیلیے پورا زور لگائینگے، آئی سی سی فوٹو:فائل

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے بھارتی بکیز نے بھی اپنے ہتھیار تیز کرلیے۔

کولمبو میں سٹے بازوں کی خفیہ میٹنگ کا انکشاف ہوا ہے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ہم بکیز کے اس اجلاس سے آگاہ ہیں، یہ لوگ ایونٹ کو داغدار کرنے کیلیے پورا زور لگائیں گے، کھلاڑیوں کو اتنی تعلیم دے دی کہ اب وہ کوئی بہانہ نہیں بناسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 18 ستمبر سے سری لنکا میں شروع ہورہا ہے، جہاں دنیا بھر کی 12 بہترین ٹیمیں اس ایونٹ کیلیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں وہیں اسے کرپشن سے داغدار کرنے کیلیے بھارتی سٹہ بازوں کی ٹیم نے بھی اپنی تیاریاں تیز کردی ہیں، اس سلسلے میں بکیز کی کولمبو میں ایک خفیہ میٹنگ بھی ہوئی جس میں ورلڈ کپ کے میچز پر اثر انداز ہونے اور اس سے بھرپور مالی فائدہ اٹھانے کیلیے مختلف معاملات پر غور کیا گیا۔


آئی سی سی بھی اس اجلاس سے اچھی طرح واقف اور اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ یہ لوگ ایونٹ کو داغدار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے تاہم اسے اپنے اقدامات اور پلیئرز کو دی گئی تعلیم پر پورا اعتماد ہے۔

اس بارے میں چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے ایک سری لنکن اخبار کو انٹرویو میںکہاکہ ہم اس وقت کرپشن کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں، کھلاڑیوں کو اس حوالے سے بہت زیادہ تعلیم فراہم کی گئی اس لیے اب ان کے پاس بہانہ بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، انھیں کرپشن اور اس کے نقصانات سے اچھی طرح آگاہی ہے، بکیز کی کانفرنس کی اطلاعات سے ہم بھی واقف ہیں۔

یہ لوگ کھلاڑیوں پر اثر انداز ہونے اور فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے جب تک پلیئرز ان لوگوں سے دور رہے مجھے یقین ہے کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ صاف شفاف انداز میں منعقد ہوگا۔
Load Next Story