کابل میں خودکش بمبار پولیس وین سے ٹکرا گیا 2 اہلکار ہلاک 20 زخمی

واقعہ جلال آباد روڈ پر پیش آیا، دھماکے سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی

زخمیوں میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی ہے، میڈیا رپورٹ، فوٹو:اے ایف پی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جلال آباد روڈ پر ایک طالبان خود کش بمبار نے اپنی بائیسکل پولیس اہلکاروں سے بھری بس کے ساتھ ٹکرا دی جس سے ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ بس تباہ ہوگئی۔ بس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر لے کر جارہی تھی۔

کابل سٹی پولیس ترجمان حشمت ستانکزئی نے بتایا کہ اس خود کش دھماکے میں 20 پولیس اہلکار اور راہگیر زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کرکے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ ادھر شہر جلال آباد میں ایک سلنڈر دھماکے میں 3 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ افغان حکام کے مطابق سلنڈر دھماکا ایک کیمپ میں ہوا جس کے نتیجے میں بچوں کے والدین بھی شدید زخمی ہوگئے۔ دریں اثنا آن لائن کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے کہ وہ پاکستان میں کسی طالبان رہنما کے قتل میں ملوث ہے۔




وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اس تاثر کو مسترد کیا کہ افغانستان کا کوئی حکومتی ادارہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے اور کہا کہ افغان حکومت خاص طور پر ہماری سیکیورٹی فورسز کسی قسم کی دہشت گردی میں ملوث نہیں۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ افغان حکومت کئی سال سے مسلح گروپوں کو امن کی میز پر لانے کیلیے کوشاں ہے تاکہ وہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں طالبان رہنمائوں کی ہلاکت ان کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔ افغانستان کے 2 وزرا اور طالبان رہنماؤں کے مابین ملک میں امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ملاقات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئی۔
Load Next Story