پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں179ملزمان گرفتار بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

رینجرز و پولیس کا بلدیہ ٹاؤن میں مشترکہ آپریشن، پولیس نے چھاپوں میں138 اور رینجرز نے 36 ملزم گرفتار کرلیے

ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات ، چوری و چھینی گئیں 12 موٹر سائیکلیں اور متعدد موبائل فون برآمد کیے گئے ۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

KARACHI:
پولیس و رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 179 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات ، موٹرسائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

ملزمان قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی و رہزنی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشن غازی اور سعید آباد میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کے دوران علاقے کی متعدد سڑکوں کو آمدو رفت کیلیے بند کردیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران 5 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی تھی،ایسٹ زون پولیس نے اپنے زون میں کارروائیاں کرتے ہوئے 113 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ کے مطابق ملزمان میں 2 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں ۔




ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات ، چوری و چھینی گئیں 12 موٹر سائیکلیں اور متعدد موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے، ویسٹ زون پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے19 مقامات پر چھاپے مار کر 25 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان میں7 اشتہاری بھی شامل ہیں ، ملزمان کے قبضے سے4 پستول سمیت سیکڑوں راؤنڈ اور منشیات برآمد کرلی گئی،گرفتار ملزمان میں کئی منشیات فروش بھی شامل ہیں،علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 36 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزمان کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔
Load Next Story