ماربل کی برآمدات میں پہلی ششماہی کے دوران63 فیصداضافہ

جولائی تادسمبر3.72کروڑڈالرکی ایکسپورٹ،گزشتہ مالی سال 2.36کروڑ رہی تھی

مالی سال کے اختتام تک مجموعی برآمدات10کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، ثنا اﷲ فوٹو: ایکسپریس/فائل

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان سے ماربل کی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسب 63.54فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان ماربل مائننگ، پراسیسنگ، انڈسٹریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پاکستان سے 3کروڑ 72 لاکھ 40ہزار ڈالر مالیت کا ماربل برآمد کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں برآمد کیے جانے والے 2کروڑ 36لاکھ 62ہزار ڈالر کے ماربل سے ایک کروڑ 35لاکھ 77ہزار ڈالر زائد ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثنا اﷲ خان کے مطابق برآمدات میں اضافے کے پیش نظر رواں مالی سال کے اختتام تک مجموعی برآمدات 10کروڑ ڈالر تک رہنے کی توقع ہے۔




انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دنیا کے 70ملکوں کو ماربل ایکسپورٹ کیا جاتا ہے جن میں مڈل ایسٹ، یورپ اور چین بڑے خریدار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماربل کی ایکسپورٹ انڈسٹری زیادہ تر کراچی میں قائم ہے، گزشتہ دنوں امن و امان کی مخدوش صورتحال بالخصوص بھتہ خوری کی وجہ سے انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا تھا، کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے حالات قدرے بہتر ہوئے ہیں تاہم انڈسٹری کا دیرینہ مسئلہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اب بھی جوں کا توں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7سال گزرنے کے باوجود ماربل سٹی کا منصوبہ فائلوں تک ہی محدود ہے، ماربل سٹی کے قیام سے ملکی برآمدات چند سال میں ہی 1ارب ڈالر تک پہنچائی جاسکتی ہے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
Load Next Story