حصص مارکیٹانڈیکس26590 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

مارکیٹ رواں سال کے آغاز سے مسلسل بلندی کی جانب گامزن،سرمایہ کاری دلچسپی برقراررہنے سے مزید102پوائنٹس کااضافہ

410میں سے247کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ41 ارب 95 کروڑ روپے بلند،19کروڑ32لاکھ حصص کے سودے ۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ رواں سال کے آغاز سے مسلسل بلندی کی جانب گامزن ہے۔

تیزی کا تسلسل نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی برقرار رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 26590 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، نئے سال کے آغاز سے ہر روز انڈیکس ایک نئی بلند سطح عبور کررہا ہے، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو بھی ریکارڈ تیزی کا تسلسل برقرار رہا تاہم تیزی کے باوجود کسی ممکنہ کریکشن کے خدشے کے پیش نظر سرمایہ کار احتیاط بھی کررہے ہیں جس کی وجہ سے کاروباری حجم میں گزشتہ روز مزید کمی ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 26633 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم منافع کے حصول کے لیے فروخت کے باعث یہ سطح برقرار نہ رہ سکی، کے ایس ای 100 انڈیکس 102.37پوائنٹس کے اضافے سے 26590.69، کے ایس ای 30انڈیکس 23.73پوائنٹس بڑھ کر 19521.97 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 127.13پوائنٹس اضافے سے 19925.04 پوائنٹس پر آگیا، تیزی کے باعث مارکیٹ سرمائے کے حجم میں 41 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔




جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر64کھرب63ارب روپے کی سطح سے زائد رہا، دوسری جانب کاروباری حجم میں کمی ریکارڈ کی گئی، پیر کو کاروباری حجم 3کروڑ66لاکھ حصص کی کمی سے 19کروڑ32لاکھ 22ہزار 340 حصص کے لین دین پر مشتمل رہا، گزشتہ روز 410کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے247کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 149کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق شرح سود متوقع طور پربرقرار رکھے جانے، ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے عوامل نے اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کے تسلسل کو برقرار رکھا ہوا ہے تاہم دوسری جانب سرمایہ کار کسی ممکنہ کریکشن کے باعث خوفزدہ بھی دکھائی دے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں مسلسل تیزی کے باوجود کاروباری حجم میں کمی بھی آ رہی ہے، گزشتہ روز نیسلے اور سیمنس پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جہاں نیسلے کے حصص کی قیمت 359.85روپے اضافے سے9639.85اور سیمنس پاکستان کے حصص کی قیمت 71.06روپے اضافے سے1564.13روپے رہی جبکہ یونی لیور فوڈ کے حصص کی قیمت 200روپے کمی سے8660اور باٹا کے حصص کی قیمت50روپے کمی سے 2900 روپے رہی۔
Load Next Story